اوڑی//منگل کو اوڑی کمان پوسٹ کے زیرو لائن پر جموں و کشمیر اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے افسران کے درمیان ایک میٹنگ منعقد کی جس میں آرپار تجارت سے جڑے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سب ڈویزنل مجسٹریٹ اوڑی بصیرالحق چودھری نے اس میٹنگ کے حوالے سے کشمیر عظمی کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کمان پل پر آرپار افسران کے درمیان میٹنگ میں آر پار تجارت سے جڑے اہم معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں آرپار تجارت کو بڑھاوا دینے کی غرض سے آرپار تجارت سے وابستہ تاجروں کی کمان پوسٹ پر میٹنگ کرنے کا فیصلہ لیا گیا جس میں تاجر اپنے معاملات تبادلہ خیال کریں گے۔اس کے علاوہ آرپار پار تجارت کو مزید فروغ دینے کی غرض سے سلام آبادٹریڈ سنٹر اور چکوٹی ٹریڈ سنٹر پر کامن فیسلٹی سنٹر قائم کیے جائیں گے۔ میٹنگ میں آرپار تجارت کی آڑ میں سملنگ سے نپٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات پر بھی بات جیت ہوئی۔میٹنگ کے دوران کئی برس قبل منشیات میں ملوث تین پاکستانی ڈرائیوروں کی رہائی کے حولے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آفیسر نے بتایاکہ میٹنگ میں مزید کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میٹنگ میں ڈاریکٹر انڈسٹریز کشمیر بلال احمد بٹ، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ناصر احمد نقاش، ڈاریکٹر پلانگ غلام احمد ملک، سب ڈویزنل مجسٹریٹ اوڑی بصیرالحق چودھری، ایس ڈی پی او اوڑی معراج الدین رینہ، پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے ڈاریکٹر جنرل ٹرول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی طاہر احمد ملک،ڈاریکٹر ٹریڈ اینڈ ٹرول شاہد احمد اور اسسٹنٹ ٹریڈ آفیسر چکوٹھی موجود تھے۔