جموں//آرٹی آئی کارکنان اور وکلاء کے وفدنے چیف انفارمیشن کمشنر خورشیداحمدگنائی سے ملاقات کی۔ اس دوران وفدمیں بلویندرسنگھ کنوینر سنگھرش آرٹی آئی مومنٹ، دیواکر شرما ، دیپک شرما، رمن شرمااورایڈوکیٹ ولکشن سنگھ شامل تھے۔ وفدنے چیف انفارمیشن کمشنر کو آرٹی آئی قانون کے نفاذ کے سلسلے میں بھرپورتعاون دینے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقعہ پر وفدنے آرٹی آئی چیف پر زوردیاکہ وہ دودیگرانفارمیشن کمشنروں کی تعیناتی کامعاملہ حکومت کے ساتھ اٹھائیں تاکہ کمیشن بقایامعاملات اورشکایات کاازالہ کرسکے۔اس دوران چیف انفارمیشن کمشنر سے یہ بھی مانگ کی گئی کہ حکومتی اداروں اورپبلک اتھارٹیز کوجموں کشمیررائٹ ٹوانفارمیشن ایکٹ 2009 کی 23 شق کے تحت آرٹی آئی سے متعلق آفیسران اور عوام کوبیدار عام کرنے کیلئے پروگراموں کے انعقادکی ہدایت دی جائے۔اس موقعہ پرچیف انفارمیشن کمشنر نے آرٹی آئی کارکنان کی طرف سے پیش کردہ مسائل ومطالبات کواطمینان سے سنااوریقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ کو رشوت خوری سے شفاف بنانے کیلئے آرٹی آئی قانون کی عمل آوری کویقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔