آرونی//آرونی بجبہاڑہ میں بنک ڈکیتی کی ایک سنسنی خیز واردات کے دوران کے دوران برقعہ پوش مسلح افراد نے جموں کشمیر بنک پردن دھاڑے دھاوا بول کر بندوق کی نوک پر 5لاکھ 20 ہزارروپے کی رقم لوٹ لی۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واردات جنگجوئوں نے انجام دی ہے جن کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کرلی گئی ہے۔قصبہ کے آرونی علاقے میںپیر کی دوپہر ا تین سے چار اسلحہ بردار اچانک نمودار ہوئے اورجموں کشمیر بنک کی مقامی شاخ میں زبردستی داخل ہوگئے۔برقعہ اور نقاب اوڑھے مسلح افراد کے پاس اے کے47رائفلیںتھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بنک عملے اور وہاںموجود کچھ گاہکوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنایااورکچھ سامان کی توڑ پھوڑ کرنے کے بعد بنک میں موجود رقم اڑالینے میں کامیابی حاصل کی۔ایس ایس پی اننت ناگ الطاف احمد خان نے بتایا کہ یہ واردات دوپہر 12 بجکر20منٹ پر انجام دی گئی جس دوران مسلح لٹیرے بنک سے بندوق کی نوک پر520000 روپے کی رقم اڑا لے گئے۔انہوں نے کہا کہ لٹیروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی چھان بین اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعدیہ بات سامنے آئی ہے کہ اس واقعہ میں حزب المجاہدین کے جنگجو شامل ہیںجن کی تلاش جاری ہے۔آرونی میں پیش آئی تازہ واردات گزشتہ تین ماہ میں پہلی اور ایک برس کے دوران اپنی نوعیت کی ساتویں واردات ہے۔