سرینگر// فریڈم پارٹی، محاز آزادی، سالویشن مومنٹ، مسلم خواتین مرکزاور پیپلز فریڈم لیگ نے آرونی میں جاں بحق ہوئے جوانوں کے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ لبریشن فرنٹ نے حال ہی میں آرونی میںجاں بحق ہونے والے نوجوانوں جنید احمد متو، ناصراحمد ، عادل مشتاق ، نصیراحمد اور احسن مشتاق کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جوان قوم کے اصل ہیرو ہیں جن کی قر بانیاں ہر حال میں رنگ لائیں گی۔ موصولہ بیان کے مطابق لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال کی سربراہی میں ایک وفد نے پانپور پہنچ کرعادل مشتاق کے لو احقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔وفد میںپارٹی لیڈران محمد یاسین بٹ، ظہور احمد، محمد صدیق شاہ اور ندیم ڈار وغیرہ شامل تھے ۔ اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جس تحریک کیلئے معصوم اور بے لوث جوانوں کا لہو نچھاور ہو ر ہاہو اُسے دنیا کی کو ئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ہے۔ فریڈم پارٹی کا ایک وفد سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری کی قیادت میںایک وفد کھڑونی کولگام گیا اور آرونی معرکہ میں جاں بحق ہوئے جنید متو کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔مولانا طاری ، ایڈوکیٹ فیاض سوداگر اور انجینئر فاروق احمد پر مشتمل وفد نے فرستہ بل جاکرعادل احمد میر کے لواحقین سے تعزیت کی ۔اس موقع پر شبیر احمد شاہ نے دونوں گھرانوںسے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ محازآزادی کے ایک دھڑے کے صدر سید الطاف اندرابی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس لہو ایک نہ ایک دن کشمیر کی آزدی اور عظمت کے روپ میں ضرور رنگ لائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاہے کہ بھارتی حکمرانوں کی روز اول سے یہ غلط فہمی رہی کہ کشمیریوں کو مارودھاڑ اور قتل غارت سے دبایا جائے لیکن اس کے برعکس نہتے کشمیری اپنی غیرت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔سالویشن مومنٹ نے پانپوراوربجبہارہ جاکر لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔بیان کے مطابق خواتین ونگ کی سیکریٹری نے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کے ورثاء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے جاں بحق ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کو کبھی بھی رائگان نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر ظلم و زیادتیوں کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کا گلا گھونٹاجارہا ہے اور جمہوریت کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے۔ پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے فرستہ بل پانپور جاکر عادل مشتاق کے گھر والوں کے ساتھ تعزیت کی۔