سمت بھارگو
راجوری//نادرن کمانڈ کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے پیر پنجال رینج کے دو سرحدی اضلاع، راجوری اور پونچھ، کے دورہ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا اور فورسز کے درمیان آپریشنل برتری کے لئے جارحانہ سوچ، بلاتعطل نگرانی اور مسلسل تیاری کو لازمی قرار دیا۔آرمی کمانڈر نے وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ کے ہمراہ اگلے مورچوں کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے دہشت گردی اور دراندازی مخالف تعیناتی کی صورتحال کا براہ راست جائزہ لیا۔فوج کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے زمینی تعیناتی، خطرات کے جواب میں قائم میکانزم اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔ انہوں نے فورسز پر زور دیا کہ وہ علاقہ پر کنٹرول برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن جارحانہ حکمت عملی اپنائیں، خطرات پر فوری ردعمل دیں، اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنائیں۔دورے کے دوران آرمی کمانڈر نے جوانوں سے بات چیت کی، ان کے حوصلے کی تعریف کی اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی مسلسل تیاری اور مستعدی ہی خطے میں امن و امان کی ضمانت ہے۔اس موقع پر مقامی و سرحدی صورتحال، دراندازی کے خدشات، اور انسداد دہشت گردی اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ فوجی حکام نے علاقائی سیکورٹی کے لئے درکار اقدامات پر آرمی کمانڈر کو بریفنگ دی اور موجودہ چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کی یقین دہانی کرائی۔لیفٹیننٹ جنرل شرما نے کہا کہ دشمن عناصر کی کسی بھی حرکت کو ناکام بنانے کے لئے فورسز کو چوکنا، مستعد اور ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔