آپریشنل تیاریوں اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا
سمت بھارگو +رمیش کیسر
راجوری//فوج کے شمالی کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار نے راجوری کے نوشہرہ اور سندربنی سیکٹرز میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ دیگر سینئر فوجی افسران بھی موجود تھے۔یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب راجوری کے تھنہ منڈی کے علاقے منیال میں گزشتہ روز ایک مشتبہ گرینیڈ دھماکہ ہوا تھا، جہاں مبینہ دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی ناکہ چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار نے وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر ان کمانڈر کے ہمراہ نوشہرہ اور سندربنی سیکٹرز کا دورہ کیا۔اس دوران ایس آف اسپڈز ڈویژن کے جنرل آفیسر ان کمانڈنگ سمیت دیگر سینئر فیلڈ کمانڈرز بھی موجود تھے، جنہوں نے آرمی کمانڈر کو موجودہ سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔لیفٹیننٹ جنرل کمار نے ایل او سی پر تعینات فوجی جوانوں کی آپریشنل تیاریوں، انسداد دراندازی اقدامات، اور اینٹی انفیلٹریشن اوبسٹیکل سسٹم (AIOS) کی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے فوجیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، چوکسی، اور ملک کے دفاع کے لئے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ہر لمحہ الرٹ رہنا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔لیفٹیننٹ جنرل کمار کا یہ دور ہ فوج کی جاری کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد کلیدی سیکٹرز میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا اور انہیں مزید مضبوط بنانا ہے۔فوج جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں میں مزید بہتری لا رہی ہے، مقامی سطح پر تیار کردہ دفاعی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔آرمی کمانڈر نے افسران اور جوانوں کو ہدایت دی کہ وہ مستقبل میں درپیش چیلنجز کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں، جدید جنگی تکنیکوں پر عبور حاصل کریں، اور ملکی دفاع کو ہر حال میں یقینی بنائیں۔لیفٹیننٹ جنرل کمار کا یہ دورہ علاقے میں جاری سیکورٹی چیلنجز، خصوصاً سرحد پار سے دراندازی کی ممکنہ کوششوں کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔فوج کے مطابق، یہ دورہ نہ صرف آپریشنل تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔