اشتیاق ملک
ڈوڈہ //آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے اتوار کو نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کو اسمبلی انتخابات جیتنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ جموں و کشمیر جیسی ’’آدھی ریاست‘‘ کو چلانے میں کوئی مسئلہ درپیش ہونے کی صورت میں انہیں ان سے مشورہ کرنا چاہئے۔ اروند کیجریوال نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان، راجیہ سبھا کے ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ و دہلی حکومت میں کابینہ وزیر عمران احمد کے ہمراہ ڈوڈہ کا دورہ کرکے سپورٹس سٹیڈیم ڈوڈہ میں بھاری عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’عمر عبداللہ اگلے چند دنوں میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے والے ہیں۔ میں انہیں انڈیا الائنس کاوزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ہم ایک کامیاب حکومت چلانے میں ان کی مکمل حمایت کریں گے اور امید کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر ان کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا‘‘۔کیجریوال نے مزید کہا’’دہلی کو آدھی ریاست کہا جاتا ہے کیونکہ وزیر اعلیٰ کے پاس محدود اختیارات ہیں۔ اب انہوں نے (بی جے پی) جموں و کشمیر کو بھی آدھی ریاست میں تبدیل کر دیا ہے جس کا مطلب ہے کہ منتخب حکومت کے پاس کم سے کم اختیارات ہیں جبکہ لیفٹیننٹ گورنر کے پاس زیادہ اختیارات ہیں۔ میں عمر کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر انہیں اپنے کام میں یا حکومت چلانے میں کوئی مشکل پیش آتی ہے تو مجھ سے مشورہ کریں کیونکہ میں نے دہلی میں 10سال تک حکومت چلائی ہے تاہم میںنے پچھلے دس برسوںسے دہلی کی کایاپلٹ دی ہے ا ورہم عمرعبداللہ کوبھی مشورہ دینے میں کوئی پرہیز نہیں کرینگے‘‘ ۔ارندو کچروال نے کہا کہ اسمبلی حلقہ ڈوڈہ سے معراج ملک کی جیت کے بعد جموں و کشمیر میں عام آدمی پارٹی کا بیج بو دیا ہے جو آنے والے وقت میں ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرے گا۔انہوں نے معراج ملک کو ایم ایل اے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈوڈہ کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں بہتر ہسپتال، سکول و انفراسٹرکچر بنانے کے بدلے بھاجپا نے ہمیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔انہوں نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کالا دھن واپس لانے و بھرشٹاچار ختم کرنے کا گمراہ کن نعرہ دیتے ہوئے ملک کی پراپرٹی کو اپنے دوست کے حوالے کیا۔انہوں نے کہا کہ دہلی و پنجاب میں عام آدمی کی سرکار عوام کو مفت بجلی، پانی و صحت کے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کئے جارہے ہیں لیکن جموں و کشمیر میں یہ حکومت میں مفت بجلی و بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی مذہب کی آڑ میں الیکشن میں حصہ لیتی ہے لیکن عام آدمی پارٹی کا واحد ایجنڈا انسانیت کی خدمت و عوام کو راحت پہنچانا ہے۔کیجریوال نے کہا کہ معراج ملک نے الیکشن مذہب کے نام پر نہیں بلکہ ترقی و عوامی مسائل کو کی بنیاد پر لوگوں سے ووٹ حاصل کئے اور جیت درج کی۔کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی نے 2024کے پارلیمانی انتخابات میں 400پار کا نعرہ لگایا تھا لیکن 240پر ہی آکر سمٹ گئی اور آنے والے وقت میں 140سے اوپر نہیں پہنچے گی۔انہوں نے کہا کہ دلی میں خواتین کے لئے مفت بس سروس مہیا کی گئی ہے اور تیرتھ یاترا پر مفت لوگوں کو بھیجا جا رہا ہے اب آنے والے وقت میں ہر خاتون کو ماہانہ ایک ہزار روپے پنشن فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں عام آدمی پارٹی نے عمر عبد اللہ کی قیادت میں بننے والی حکومت کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔کیجریوال نے عمر عبد اللہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ مجھے امید ہے کہ وہ معراج ملک کو اہم ذمہ داری سونپیںگے تاکہ یہ نہ صرف ڈوڈہ بلکہ جموں و کشمیر میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کرے گا.۔اس موقع پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان، ایم پی سنجے سنگھ، کابینہ وزیر عمران حسین و نومنتخب ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عوام کا شکریہ ادا کیا۔