مینڈھر// مینڈھر میں لوگ آدھار کارڈنہ بن پانے کی وجہ سے سخت پریشان ہیں۔انتظامیہ کی طرف سے تحصیل ہیڈ کوارٹر مینڈھر میں دوآپریٹروں کوآدھار کارڈ بنانے کے لئے روانہ تو کیاگیاہے لیکن اس وقت تک مینڈھر میں 60 فی صد لوگ ایسے ہیں جن کے کارڈ نہیں بن پائے اور وہ در در کی ٹھوکریں کھا نے پر مجبور ہیں۔لوگوں کاکہناہے کہ دو آپریٹروں کو دوپرنٹروں اور ایک سکینر دے کر یہاں بھیجاتو گیاہے لیکن ان سے کام نہیںہورہا اوردن بھر وہ دس سے پندرہ آدھار کارڈ ہی بناسکتے ہیں۔مقامی نوجوان سفیاز خان نے کہا کہ آدھار کارڈ بنوانے کے لئے سرکار نے کئی طرح کے لوازمات مانگے ہیں جس کی وجہ سے آپریٹروں کو پریشانی آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آدھار کارڈ لوازمات کو کم کیاجاناچاہئے اور مینڈھر ،بالاکوٹ اور منکوٹ تحصیلوں میں مزید آپریٹر روانہ کئے جائیں تاکہ بغیر کسی پریشانی کے یہ کارڈ بن سکیں۔ان کاکہناتھاکہ مینڈھر میں آدھار کارڈ کیلئے طویل قطاریں لگ جاتی ہیں اور لوگ اپنے فارم جمع کروارہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مینڈھر کا علاقہ وسیع اور پھیلا ہواہے جہاںکے لوگوں کو صبح سے شام تک مینڈھر آنے جانے میں ہی وقت لگ جاتاہے اور اگر وہ آدھار کارڈ بنائے بغیر ہی خالی ہاتھ واپس لوٹ جائیںتو ان پر کیاگزرتی ہوگی ۔