جموں//جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی محکمانہ جاتی کمیٹی کی میٹنگ یہاں ایم ایل سی رومیش اروڑہ کی صدار ت میں منعقد ہوئی جس دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ کے کام کا ج کا جائزہ لیا گیا۔ارکان قانون سازیہ وبودھ گپتا، سیف الدین بٹ اور نریش کمار گپتا نے میٹنگ میں شرکت کی اور آئی ٹی محکمہ کے کام کاج سے جڑے کئی امور کو اجاگر کیا۔ کمیٹی نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین اور ارکان قانون سازیہ کو مفت وائی فائی سہولیات دستیاب کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔چیئر مین نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ ان بیوائوں ، بزرگوں ، ناخیز افراد اور دیگر زمرے کے لوگوں کے معاملات اَپ لوڈ کرنے کے لئے ایک خصوصی سافٹ ویئر تیار کریں تاکہ یہ لوگ آسانی سے اپنے معاملات کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کرسکیں۔کمیٹی نے آدھار جاری کرنے کے عمل میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 5برس تک کے عمر کے بچوں کو آدھار کارڈ کے دائرے میں لانے کے لئے جامع کوششیں کی جانی چاہئیں کیونکہ اس طرح کے آٹھ فیصد بچے ہی اب تک اس دائرے میں لائے گئے ہیں۔ کمیٹی نے مزید کہاہے کہ 5سے 14برس عمر تک کے بچوں کو آدھار کارڈ فوری طور سے جاری کئے جانے چاہئیے کیونکہ اس زمرے کے صرف 66فیصد بچوں کو ہی آدھار کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔کونسل سیکرٹریٹ کے سپیشل سیکرٹری محمد اشرف وانی، ڈائریکٹر فائنانس کے ایس جموال اور دیگر محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔