آدھار کارڈ بنانے کے عمل میں سست رفتاری

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
کنگن// آدھار کارڈ بنانے میں سست رفتاری کے خلاف تحصیل کنگن کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے ایس ڈی ایم آفس کے سامنے سرینگر لیہ شاہراہ پر دھرنا دیکر احتجاج کیا ۔احتجاجی لوگوں نے کہا کہ تحصیل آفس کنگن میں گذشتہ کئی دنوں سے آدھار کارڑ بنانے کا کام سست رفتاری سے ہورہا ہے اور گرمی کے باوجود سینکڑوں لوگوں کوصبح سے لیکر شام تک لمبی لمبی قطاروں میں رہنا پڑتا ہے اور شام کے وقت بھاری نہ ملنے پر انہیں واپس اپنے گھروں کی طرف مایوس ہوکر لوٹنا پڑتا ہے جس کے باعث انہیں ذہنی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ضلع گاندربل کے کنگن میں اُس وقت سرینگر لیہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت مسدود ہوکر رہ گئی جب تحصیل کنگن کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں لوگوں نے آدھار کارڑ بنانے کے کام میںسست رفتاری کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔دھرنے پر بیٹھے مظاہرین نے اس کا م کے لئے تعینات کئے گئے اہلکاروں پر غفلت شعاری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آدھار کارڑ بنانے کا کام انتہائی سست رفتاری سے ہورہا ہے اور دن میں کئی منظور نظر افراد کے ہی آدھار کارڑ بنائے جاتے ہیں ۔اس طرح دور دراز علاقوں سے آئے لوگوں کو شام کے وقت مایوس ہوکر واپس لوٹنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحصیل کنگن میں آدھار کارڑ کا کام جاری رکھنے میں سرعت لانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ لوگوں کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو جائے ۔ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم کنگن نثار احمد نثار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ کام آج سے تحصیلدار کنگن کے رہائشی کوارٹر واقع ہسپتال روڑ کنگن میں انجام دیا جائے گا اور ہر روز 70سے80افراد کے آدھار کارڑ تیار کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر علاقے کے لئے چار چار دن مقرر کئے گئے ہیں ۔

 

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *