نئی دہلی //سپریم کورٹ نے آج سبھی خدمات اور اسکیموں کو آدھار کارڈ سے لازمی طورپر جوڑنے کی آخری تاریخ 31مارچ 2018 تک بڑھا دی ہے ۔چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بینچ نے عبوری حکم سناتے ہوئے سبھی فلاحی اسکیموں کے لئے آدھار لنکنگ کو لازمی کرنے کی تاریخ 31مارچ تک بڑھائے جانے کے حکومت کے فیصلے سے اتفاق ظاہر کیا ہے ۔آئینی بینچ نے موبائل کو آدھار سے جوڑنے اور نئے بینک کھاتے کھلوانے کے لئے آدھار لنگنگ کو لازمی کرنے کی تاریخ بھی 31مارچ 2018 کردی ہے ۔اس سے پہلے ،موبائل کو آدھار سے جوڑنے کی آخری تاریخ چھ فروری 2018 تھی۔عدالت نے اپنے عبوری حکم میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ آدھار کو لازمی کرنے سے متعلق اس کا یہ حکم ریاستی حکومتوں کی اسکیموں کے لئے بھی نافذ ہوگا۔