عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری میں آدھار کارڈ کی رجسٹریشن میں سنگین بے ضابطگیوں کی اطلاعات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے جعلسازی میں ملوث آدھار آپریٹرز کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ خاص طور پر تاریخ پیدائش (DOB) میں ردوبدل کے معاملات میں ملوث آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کے دوران انکشاف ہوا کہ کچھ آدھار آپریٹرز نے طے شدہ اصولوں اور قانونی ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے، جس سے آدھار رجسٹریشن کے عمل کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈی سی کے حکم پر ڈسٹرکٹ سٹیٹسٹیکل اینڈ ایویلیوایشن آفیسر (DSEO) سندیپ شرما نے مذکورہ آدھار آپریٹرز کی معطلی کے احکامات جاری کر دئیے۔معطل شدہ آدھار آپریٹرز کی فہرست میں اویس احمد، ایچ اے کیودرہال تھنہ منڈی،محمد الطاف، گورنمنٹ جی ایچ ایس ایس چنگس،امرت انجم،آئی سی ڈی ایس درہال ،سی ڈی پی ائو آئی سی ڈی ایس دفتر ،کرن کمار، سی ڈی پی ائو دفتر کالا کوٹ،عبدالرزاق، سی ڈی پی ائو دفتر کالا کوٹ،وزیر حسین، نزد یک گولڈ سمتھ تریاٹھ شامل ہیں ۔متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ فوری طور پر ان آپریٹرز کی آدھار رجسٹریشن کی تمام سرگرمیاں روک دی جائیں اور ان کے آدھار کِٹس ضبط کر لئے جائیں۔ مزید برآں، ان کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی شروع کی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس طرح کی دھوکہ دہی کو روکا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ تحصیلدار کو دو دن کے اندر تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔