سرینگر// پلوامہ میں فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان معرکہ آرائی میں 3 عساکروں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کے دوران شہری ہلاکت سے ہوئی کشیدہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ سرینگر نے شہر خاص کے5اور سیول لائنز کے2تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں جمعہ کو بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی احتجاجی مظاہروں کی کال کے پیش نظر پائین شہر کے5تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں جمعہ کو قدغنیں عائد ہونگی،جبکہ سیول لائنز کے2تھانوں میں بھی بندشیں عائد کی جائیں گی۔ضلع مجسٹریت سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ امن و قانون اورلوگوں کے مال و جان کو تحفظ دینے کیلئے نوہٹہ،مہاراج گنج،رعناوار،صفاکدل اور خانیار کے علاوہ تھانہ کرالہ کھڈ اور مائسمہ میں جمعہ کو بندشیں عائد کی جائے گی‘‘۔اس سے قبل سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے شہری ہلاکتوں کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہروں کی کال دی۔