سرینگر // مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ حکومت ہند نے فوجی قوت کے بل پر پورے کشمیر کو ایک قتل گاہ میںتبدیل کردیا ہے جہاں آئے روز انتہائی بے دردی سے نہتے کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ قائدین نے عوام الناس خاص طور پر جنوبی کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یعنی 24 اکتوبر کو انفرادی اور اجتماعی طور پر کولگام کا رُخ کرکے شہداء کی اجتماعی فاتحہ خوانی میں شرکت کریں اور ان کے لواحقین اور کولگام کے غیور عوام کے ساتھ عملاً ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کریں اور انہیں یہ احساس دلائیں کہ تحریک حق خودارادیت کے نازک مرحلے پر وہ اپنے کو تنہا نہ سمجھیں بلکہ کشمیرکے تمام لوگ ان کے ساتھ ہیں ۔قائدین نے 26 اکتوبر کو ائمہ مساجد ، خطیبوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ نماز جمعہ کے موقعہ پر مساجد ، خانقاہوں، آستانوں اور امام باڑوں میں کولگام قتل عام کیخلاف صدائے احتجاج بلند کریں اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔قائدین نے کہا کہ27 اکتوبر بروز سنیچروار کو جموںوکشمیر کے عوام احتجاجی ہڑتال کرکے اس دن کو یوم سیاہ اورمقبوضہ دن Occupation Day کے طور پر مناکر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کریں گے۔ بیرون کشمیر دنیا کے مختلف خطوں اور ممالک میںمقیم آر پار کشمیری اس دن خصوصی پروگراموں کا اہتمام کرکے کشمیر میں مظالم اور قتل عام کیخلاف احتجاج کریں گے ۔ اسی دن 1947 ء میں حکومت ہند نے کشمیر پر اپنا قبضہ جمانے کیلئے فوج کو یہاں اتارا اور تب سے لیکر آج تک وہ نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں مصروف ہے ۔