سرینگر //مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کشمیر میں حالیہ ہلاکتوںکو بھارت کی جانب سے بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے آج یعنی جمعہ6 اپریل کو کشمیری عوام پرہو رہی زیادتیوں کیخلاف پر امن احتجاج اور جنوبی کشمیر کے شوپیاں ،ترال، کولگام، اسلام آباد اور کنگن کے غمزدہ عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی اپیل کی ہے۔قائدین نے ائمہ مساجد ، علمائے کرام ، واعظین اور ائمہ جمعہ وجماعت سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے جمعہ کے خطابات میں اس ظلم و زیادتی اور قتل عام کیخلاف صدائے احتجاج بلند کریں اور مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے کشمیر کی موجودہ سنگین سیاسی اور تحریکی صورتحال کے حوالے سے مرتب کردہ قرارداد کی عوام سے تائید و حمایت حاصل کریں۔قائدین نے کہا کہ کشمیری عوام پر ڈھائے جارہے مظالم کیخلاف خاموش نہیں رہا جاسکتا اور حالیہ ایام میں خصوصویت کے ساتھ جنوبی کشمیر اور کنگن میں قتل و غارتگری کا بازار گرم کیا گیا ۔18کشمیریوں کو شہید اور دیگر سینکڑوں نہتے لوگوںکو بلٹ اور پیلٹ سے شدید طور پر زخمی کر دیا گیا ، کشمیر کے طول و عرض میں متعدد نوجوانوں اور حریت پسند رہنمائوں کو گرفتار ، شہر سرینگر سمیت جنوبی کشمیر کے متعدد اضلاع میں کرفیو اور بندشوں کا نفاذ کرکے لاکھوں لوگوںکو اپنے گھروں میں محصور کردیا گیا ۔ مزاحمتی قائدین کو گھروں اور تھانوں میں مقیدکردیا گیا اور شوپیاں کے غمزدہ عوام کے ساتھ اظہار تعزیت و یکجہتی کے پروگرام کو عملاً طاقت کے بل پر ناکام بنایا گیا وہ کشمیری عوام کے تئیں بھارتی حکمرانوں کی جانب سے اختیار کردہ جارحانہ پالیسی اور ان کے مکروہ عزائم کو واضح کرتا ہے۔ہم حکومت پاکستان اور وہاں کے غیور عوام کی جانب سے کشمیریوں کے تئیں آج6 اپریل کو عملاً اظہار یکجہتی کے دن کے طور پر منانے کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات کی بجا طور پر توقع رکھتا ہے کہ وہ یوم یکجہتی کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو اجاگر کرنے اور کشمیر میں بھارت کی جانب سے نسل کشی کو رکوارنے کیلئے اپنی سیاسی اور سفارتی مہم میں مزید تیزی لائیگی اور OIC ، اقوام متحدہ ، یورپی یونین اور عالمی برادری کو پر امن ذرائع سے مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے موثر اور نتیجہ خیز اقدامات یقینی بنائیں گییہ اجتماع غزہ فلسطین اورقندوز افغانستان میں اسرائیل اور امریکی حملوں میں نہتے شہریوں اور درجنوں معصوم حفاظ قرآن کو بے دردی سے شہید کر دینے کی کارروائیوں کو بدترین جارحیت اور بربریت قرار دیتے ہوئے اسے انسانیت کا قتل سمجھتا ہے اور اسکی پر زور الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔