عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کل ایک بار پھر اِس بات کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت جموں و کشمیر کے لوگوںکی ہمہ جہت ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے پوری طرح پُر عزم ہے۔ سری نگر کے چھانہ پورہ حلقہ کے ایک تفصیلی دورے کے دوران اُنہوں نے کہا، ’’عوام ہماری پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر اس حکومت کا فیصلہ کریں گے۔‘‘ نائب وزیر اعلیٰ نے حلقہ میں جاری کئی ترقیاتی منصوبوں کا معائینہ کیا۔ جن منصوبوں کا معائینہ کیا گیا ان میں کمیونٹی سینٹر حیدرپورہ، میریج ہال ہرنبل نٹی پورہ، بیلی پل چھانہ پورہ اور راولپورہ۔موچو روڈ کی کشادگی شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے چھانہ پورہ سے نٹی پورہ جنکشن تک بند روڈ منصوبے اور حلقے میں جاری دیگر کاموں کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے کمیونٹی سینٹر حیدرپورہ کے معائینے کے دوران اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کو جلد اَز جلد شروع کرنے کے لئے ایک تفصیلی رِپورٹ پیش کریں تاکہ اِس سہولیت جلد از جلد لوگوں کے لئے وقف کیا جاسکے۔چودھری نے راولپورہ۔موچو روڈ پر سہولیت کی راہ میں حائل رُکاوٹوں کو دُور کرنے اور یوٹیلیٹی کی منتقلی کے لئے بھی احکامات جاری کئے تاکہ کام کی رفتار تیز کی جا سکے اور لوگوں کو بہتر سڑک کی سہولیت فراہم ہو۔اُنہوں نے چھانہ پورہ علاقے میں رابطے اورآواجاہی کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ بیلی برج کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام جاری منصوبے بشمول بند روڈ چھانہ پورہ تا نٹی پورہ جنکشن اور دیگر سڑکوں کے منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے باغِ مہتاب کے دورے کے دوران علاقے میں جاری میکڈیمائزیشن کے کام کا معائینہ کیا اور خبردار کیا کہ غیر معیاری مواد کے اِستعمال یا کسی بھی قسم کی غفلت کی صورت میں سخت کاررِوائی کی جائے گی۔