سرینگر // مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے شہید ملت میرواعظ مولانا محمد فاروق ، شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون ، شہدائے حول اور جملہ شہدائے کشمیر کو ان کی عظیم قربانیوں پر بھرپورخراج عقیدت اداکرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 21مئی کو مزار شہداء عیدگاہ سرینگر کے جلسہ خراج عقیدت کو کامیاب بنانے کیلئے مزار شہداء کا رخ کریں ۔ قائدین نے کہا کہ 21مئی کو پوری قوم اس سال یہ دن یوم تجدید عہد کے طور پر منائے گی اور اس دن شہدائے کشمیر اور ان کے عظیم مشن کو پایہ تکمیل تک لے جانے کیلئے تجدید عہد کیا جائے گا۔ 21مئی کو پورے جموں کشمیر میں ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے قائدین نے کہا کہ شہدائے کشمیر کے عظیم نصب العین کے تئیں بھرپوروابستگی اور استقامت رواں تحریک آزادی میں کامیابی کا ناگزیر تقاضا ہے ۔ انہوں نے کہا یہ پوری حریت پسند قوم اور قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان شہداء کے مشن کو تکمیل کے مرحلے تک لے جانے کیلئے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔