یو این آئی
نئی دہلی//دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیرپرسن کوثر جہاں نے حج پر جانے والے عازمین حج کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا اور عازمین حج سے ملاقات کی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج سے 30مئی تک دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تمام حج پروازیں جدہ جائیں گی۔انہوں نے ہوائی اڈہ پرمدینہ شریف کی آخری پرواز پر جانے والے عازمین حج سے ملاقات کی اور ان کے طریقہ کار کے بارے میں معلوم کیا۔عازمین نے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی اور ایئرپورٹ کے انتظامات پر اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ دہلی سے حج فلائٹ گزشتہ 30 اپریل سے شروع ہوئی ہے۔ یہ مدینہ جانے والی آخری فلائٹ تھی۔ کل 16مئی سے 30مئی تک تمام حج پروازیں جدہ جائیں گی۔اس موقع پر کوثر جہاں کے ساتھ چیف ایگزیکٹیو افسر اشفاق عارفی بھی موجود تھے۔