عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر اور جموں میں آج 14 جولائی کی شام سے موسم ایک بار پھر خوشگوارہونے جا رہا ہے۔ 14 سے 17 جولائی کے درمیان جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں، جب کہ بعض مقامات پر تیز بارش کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 جولائی کی شام کے بعد اگلے تین دنوں کے دوران وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں، جو نہ صرف گرمی سے راحت دلائیں گی بلکہ ماحول کو مزید تازگی بخشیں گی۔پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ ان دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی، جس سے موسم مزید سہانا ہو جائے گا۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ تیز بارش کے باعث چند نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، تاہم مجموعی طور پر یہ بارشیں زرعی لحاظ سیمفید ثابت ہوں گی۔