سرینگر // مشترکہ مزاحمتی قیادت نے ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کرنے پر قدغن لگانے کی حکومتی کارروائی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منگل کو احتجاجی ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔قائدین نے کہا ہے کہ حالیہ سرینگر اور شوپیاں قتل عام کیخلاف احتجاجی ہڑتال آج یعنی8 مئی کو جاری رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کے پر امن احتجاجی پروگرام کو طاقت کے بل پر ناکام بنایا گیا۔ وکلاء، تاجر برادری اور ملازم انجمنوں کے پر امن احتجاج پر قدغن لگائی گئی۔ سرینگر اور جنوبی کشمیر کے بیشتر اضلاع میں کرفیو اور بندشوں کا نفاذ عمل میں لایا گیا نیز بیشتر لیڈر بند کردئے گئے ۔قیادت نے ان کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکمرانوں کے ان حربوں کو ناقابل قبول قرار دیکر واضح کیا کہ ان ہتھکنڈوں سے قیادت اور عوام کے حوصلوںکو ہرگز توڑا نہیں جاسکتا ہے۔