عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر میں پیر کو سیاحوں نے سرد موسم کے درمیان ڈل جھیل پر شکارا سواری کا لطف اٹھایا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے زیادہ تر حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جب کہ اونچے علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔ پہلگام میں سب سے زیادہ بارش 36.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد بانہال میں 34.3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کئی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی بھی اطلاع ملی۔ بارہمولہ میں 31 کلومیٹر فی گھنٹہ، جموں میں 54 کلومیٹر فی گھنٹہ اور کٹھوعہ میں 64 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی تھی۔اتواریکم جون کو دوپہر کے بعد ہلکی دھوپ نکلی اور موسم میں قدرے بہتری آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کئی مقامات پر بارش اور تیز ہوائوں کا امکان ہے۔ 2 اور 3 جون کو، مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں بہت سے مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔4 اور 6 جون کے درمیان، موسم عام طور پر خشک رہے گا، حالانکہ الگ تھلگ علاقوں میں بارش یا بوچھار کے مختصروقفہ کا سامنا ہو سکتا ہے، خاص طور پر دوپہر کے آخر میں۔ اسی طرح کا موسم 7 اور 8 جون کو متوقع ہے، زیادہ تر خشک حالات اور سہ پہر کے دوران الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 2 جون کی شام کو ممکنہ گرج چمک اور تیز ہوائوں کے حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ رہائشیوں کو احتیاط برتنے اور ڈھیلے ڈھانچے، بجلی کے کھمبوں، تاروں اور پرانے درختوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ خراب موسم کے دوران حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔