سرینگر//مکانات و شہری ترقی، سماجی بہبود اور صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کل ایک میٹنگ طلب کر کے آثار شریف درگاہ حضرتبل پر جاری دیدہ زیبی کے کام کی پیش رفت کا جائز ہ لیا۔میٹنگ میں سیاحت کے ڈائریکٹر ، ہاوسنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ، شرائین پروجیکٹ کے منیجر ، سی ای او وقف بورڈ اور دیگر افسران موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے افسران کو 45کروڑ روپے کی لاگت والے اس پروجیکٹ پر جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت دیتے ہوئے اس کو مقرر کئے گئے وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے شرائین پروجیکٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے کوششوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔آسیہ نقاش نے کہا کہ پروجیکٹ کی تکمیل سے آثار شریف اور اس کے ملحقہ علاقوں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے محکمہ سیاحت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ٹھوس اقدامات کریں تاکہ آثار شریف ریاست میں مذہبی سیاحت کا ایک دلکش مقام بنے۔وزیر موصوفہ نے اس پروجیکٹ کو رواں برس کے آخر تک مکمل کرنے کے واضع احکامات دئیے۔آثار شریف آنے والے زائرین کو مختلف سہولیات فراہم کرنے کے لئے وزیر موصوفہ نے متعلقہ افسران کو ایک جامع منصوبہ ترتیب دینے کی ہدایت دی۔وزیر موصوفہ کو بتایا گیا کہ وزارت سیاحت نے پروجیکٹ کو عملانے کے لئے 8.40کروڑ روپے کی پہلی قسط واگزار کی۔