سرینگر//صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کہا ہے کہ لوگوں کو بہتر سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے زمینی سطح پر نتائج ظاہر کرنے کے لئے جامع کوششیں کی جانی چاہئیں تاکہ اس سلسلے میں اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔وزیر موصوفہ کل یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدار ت کر رہی تھیں جو آثار شریف حضرتبل میں جاری ترقیاتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔وزیر موصوفہ نے آثار شریف پر جاری کام کے تعلق سے تفصیلات طلب کیں۔انہیں بتایا گیا کہ آثار شریف کے علاقے میں پارکنگ سہولیات فراہم کرنے اور حضرت بل کے ارد گرد بازار کی خوبصورتی بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔آسیہ نقاش نے متعلقہ افسران کو اس کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ایک جامع منصوبہ ترتیب دیں تاکہ اس ترقیاتی کام کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔وزیر موصوفہ نے افسران سے تلقین کی کہ وہ لوگوں کو سہولیت فراہم کرنے اور حکومت کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔انہوں نے حکام سے تلقین کی کہ وہ آثار شریف حضرت بل کے علاوہ دیگر زیارت گاہوں کے ارد گرد صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں تاکہ ان مقدس مقامات پر آنے والے عقیدت مندوں اور زائرین کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ ، سیکرٹری وقف بورڈ فیاض احمد اور ان ٹیک سرینگر کے پروجیکٹ منیجر بھی میٹنگ میں موجود تھے۔