سرینگر//آگ کی واردات کے بعد تاریخی خانقاہِ معلی میں جمعرات کو نمازِ ظہر سے پھر سے نمازِ پنجگانہ کا اہتمام ہوا جبکہ کل نمازِ جمعہ پر فرزندانِ توحید کی ایک بڑی تعداد نے نماز جمعہ ادا کی ۔ اس موقعے پر امام و خطیب الحاج امام غلام محمد ہمدانی نے خطبہ جمعہ دیا اور حسب معمول بقعہ عالیہ میں سوزخواں صاحب اور فاتحہ خوان صاحب نے اپنے فرائض انجام دیئے۔ اس موقعے پر عالم اسلام کی سربلندی،انسانیت کی بقااور فتح و نصرت کیلئے دعا کی گئی۔امام صاحب اور خدمانِ زیارت نے مقامی آبادی خصوصاً نوجوانوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں کا شکریہ جنہوں نے اپنی جان پر کھیل کر اس مقدس اور بابرکت بقعہ عالیہ میں لگی آگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔ ادھر خانقاہِ جامع پانپور میں نمازِ جمعہ پرمولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ بقعہ عالیہ، جو 14ویں صدی میں تعمیر ہوا ہے ، کی تعمیر میںحضرت علمدارِ کشمیرؒ، حضرت محبوب العالم، حضرت ایشان، وقت کے بادشاہ سلطان زین العابدین اور دیگر اسلامی شخصیتوں نے حصہ لیا۔ ملک کشمیر میں اس خانقاہ کو مرکزی اسلامی حیثیت حاصل ہے اور اسی صحن پاک میں حضرت امیر ؒ کی رہنمائی میں ایک ہی دن 36ہزار غیر مسلم دائرہ اسلام میں آگئے۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کشمیر کے سرپرست اعلیٰ سید حمیداللہ حقانی نے خانقاہ معلی میں آگ پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ خانقاہ ہے جہاں سے دعوت اسلام کا آغاز ہوا اور یہ توحید کا مرکز رہا ہے۔