کشتواڑ//آتشزدگی کی دو الگ الگ وارداتوں میں ایک دکان اور ایک گائو خانہ جل کر خاک ہو گئے۔نواحی علاقہ مالی پیٹھ میں کار وں کی زیبائش کی ایک دکان میں لگی آگ میں لاکھوں روپے کی مالیت کا سامان خاکستر ہو گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ محمد عباس ملک ساکن مندر ترہگام کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ، اگر چہ پولیس، فائر برگیڈ اور مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پالیا تاہم بیشتر سامان جل گیا ہے ۔ دریں اثناتحصیل درابشالہ کے بٹکوٹ علاقہ میں ایک مویشی خانہ میں اچانک لگی آگ سے متعدد مویشی زندہ جل گئے ۔ذرائع نے بتایا کہ سادھو رام ولد جوش رام ساکن بٹکوٹ کنتوارہ کے اس مویشی خانہ میں گائے، بیل اور بھیڑ بکریاں بند تھی کہ لکڑی سے بنے ہوئے ڈھانچہ میں آگ کی لپٹیں اٹھنے لگیں اور آہستہ آہستہ پورے مویشی خانہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گائوں میں سڑک رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے فائر برگیڈ وغیرہ بھی نہ پہنچ سکے۔ اگر چہ لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ آگ پر قابو نہ پاسکے اور پورا ڈھانچہ خاک کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اور بے زبان جانور ہلاک ہو گئے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کر لیا ہے تاہم سر دست آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں لگایا جا سکا ہے ۔