کنگن +کپوارہ//کنگن میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں دو منزلہ عمارت خاکسترہوگئی جس میں لاکھوں روپئے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ۔ادھر ہندوارہ کے قلم چکلہ علاقے میں فوجی کیمپ میں آگ کی ایک واردات میں ایک فوجی بارک خاکستر ہوگئی ۔سنیچروار کی صبح 7بجے کنگن میں اس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا جب شریفہ کپرا زوجہ غلام محمد بٹ ساکن کنگن کی عمارت میں اچانک آگ نمودار ہوئی۔آگ اس قدر سخت تباہ کن تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت خاکستر ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عمارت کی نچلی منزل میں محمد الطاف میر ولد غلام احمد میر ساکن کنگن ، عبدالمجید تیلی ولد علی محمد تیلی ساکن عید گاہ سرینگر ،غلام محمد شیر گوجری ولد رجب شیر گوجری ساکنہ ژیرون کنگن کی دوکانوں میں لاکھوں روپئے کے ملبوسات بھی خاکستر ہوگئے تاہم فائر سروس محکمہ کے اہلکاروں نے مقامی لوگوں کی مدد سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا ۔اس دوران ہندوارہ کے قلم چکلہ علاقے میں فوجی کیمپ میں آگ کی ایک واردات میں ایک فوجی بارک خاکستر ہوگئی ۔ ہفتہ کی دوپہر کو قلم چکلہ علاقہ کے فوجی کیمپ میں اس وقت اتھل پتھل مچ گئی جب وہاں 30آر آر فوجی کیمپ میں آ گ نمودار ہو ئی جس نے فوری طور ایک فوجی آفیسر کی بارک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم فوج اور فائر سروس عملہ نے آگ پر قابو پانے کیلئے بچائو کاروائی شروع کی اور فوجی بارک میں سازو سامان کو بچا لیا ۔