اوڑی+سوپور//اوڑی میں سنیچر کی شب اس وقت خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی جب بونیار علاقے میں رسوئی گیس سلنڈر پھٹنے سے 4 سالہ معصوم سمیت ایک ہی کنبے کے 6 افراد زخمی ہوئے ، جنہیں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ ادھر شمالی قصبہ سوپور کے امرگڑھ علاقہ اتوار کی صبح اس وقت دھماکوں سے لرز اٹھا جب یہاں قائم گرڈ اسٹیشن میں آگ کی لپٹیں نمودار ہوئیں۔بونیار اوڑی میں سنیچر کی شب 9 بجکر 30 منٹ پر اس وقت خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی جب بجہامہ میں رسوئی گیس سلنڈر پھٹ جانے کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے 6 افراد زخمی ہوئے ۔ رسوئی گیس پھٹنے کے ساتھ ہی علاقہ لرز اٹھا اور پاس پڑوس کے لوگ جائے واردات کی جانب بھاگنے لگے جہاں انہوں نے 6 افراد کو خون میں لت پت پایا جبکہ یہاں آگ کے شعلے بھی نمودار ہورہے تھے ۔ معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں میں 35 سالہ مرسلین بیگ ،اس کی اہلیہ سبینہ بیگم ، 12 سالہ بیٹا معئین 10 سالہ دختر سنا ، 8 سالہ دختر سادیا اور 4 سالہ بیٹا عزیر شامل ہیں ۔ اس دوران معلوم ہوا کہ شمالی قصبہ سوپور میں اتوار کی صبح اس وقت سراسیمگی اور افرا تفری پھیل گئی جب امر گڑھ علاقے میں قائم ایک پائور گرڈ اسٹیشن میں اچانک آگ نمودار ہوئی ۔ معلوم ہوا کہ پائور گریڈ اسٹیشن میں آگ نمودار ہونے سے یہ پورا علاقہ دھماکوں سے لرز اٹھا جبکہ آس پڑوس میں لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ۔ آگ کی اس ہولناک اور بھیانک واردات میں اسٹیشن میں نصب بھاری ٹرانس مشن ٹائور اور ٹرانسفارمر وغیرہ مکمل طور پر خاکستر ہوئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ آگ کی یہ واردات صبح 7 بجکر 30 منٹ پر رونماء ہوئی جس کے نتیجے میں بھاری ٹرانس مشن ٹرانسفارمر اور 3300 کے این ٹرانس مشن لائن خاکستر ہوئی جس کے نتیجے میں درجنوں علاقہ جات برقی رو کی سپلائی سے محروم ہوئے ۔