مقامی نوجوانوں نے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا،انتظامیہ سے شدید ناراضگی کا اظہار
عاصف بٹ
کشتواڑ // قصبہ کشتواڑ کے مصروف بازار ’استان بالا‘ علاقے میں بدھ کی شام پیش آنے والی آتشزدگی اور گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں پانچ رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ آٹھ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے چار کو فوری طور پر ضلع ہسپتال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق آگ کی ابتدا رحیم شیخ نامی شہری کے مکان سے ہوئی۔ اگرچہ آگ لگنے کی فوری وجوہات سامنے نہیں آئیں، تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کے سبب گھر میں جلائی گئی موم بتی سے شعلے بھڑک اٹھے اور اس دوران ایل پی جی سلنڈر نے بھی آگ پکڑ لی۔ ریسکیو کارروائی کے دوران مزید دو سلنڈر دھماکے سے پھٹ گئے جس کے نتیجے میں آگ تیزی سے قریبی مکانوں میں پھیل گئی۔واقعے میں تین مکانات مکمل طور پر جل گئے جبکہ دو کو جزوی نقصان پہنچا۔ لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد بھی خاکستر ہوگئی۔آگ بجھانے کی کارروائی میں فائر سروس کی تاخیر پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ فائر سروس جائے حادثہ پر تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد پہنچی اور مزید دو گھنٹے بعد پانی کا سپرے کیا گیا۔ عوام نے الزام لگایا کہ اگر مقامی نوجوان بروقت آگ پر قابو پانے کی کوشش نہ کرتے تو پورا محلہ جل کر راکھ ہوجاتا۔سہیل احمد نامی مقامی نوجوان نے بتایاکہ ’اگر ہم فائر سروس کا انتظار کرتے تو پورے علاقے کے سینکڑوں مکانات جل جاتے۔ انتظامیہ اور فائر سروس کی نااہلی کے سبب ہی اتنا بڑا نقصان ہوا ہے‘‘۔واقعے کے بعد ممبر اسمبلی سنیل شرما، ڈی سی اور ایس ایس پی کشتواڑ نے جائے واردات کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔