سرینگر//محکمہ آب رسانی (پی ایچ ای) کے چیف انجینئر کی طرف سے لفٹ اسکیموں میں4بجے سے ہی عمل غائب ہونے کے انکشاف کو ملازمین کی حوصلہ شکنی سے تعبیر کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر بیان واپس نہیں لیا گیا تو ریاست گیر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔محکمہ کے چیف انجینئر عبدالوحد نے گزشتہ روز تمام ایگزیکٹو انجینئروں کے نام ایک مکتوب زیر نمبر PHE/WKS/57365-91 روانہ کیا،جس میں متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرسے کہا گیا کہ لفٹ اسکیموں میں4 بجے سے ہی عملہ غائب ہوتا ہے ،جس کی وجہ سے سیول ڈویژنوں کو عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ادھر کشمیر پی ایچ ای جوائنٹ ایمپلائز ایسو سی ایشن نے چیف انجینئر کے اس بیان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ محکمہ ایک شخص سے نہیں بلکہ ملازمین سے چلتا ہے۔انہوں نے چیف انجینئر کے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے ملازمین نے نامسائد صورتحال مین کام کیا،اور عوام کی خدمت میں پیش پیش رہے ہیں۔ایسو سی ایشن کے صدر سجاد احمد پرے نے کہا کہ2014کے تباہ کن سیلاب اور2016کی عوامی ایجی ٹیشن کے دوران بھی محکمہ کے ملازمین نے جان دائو پر لگا کر کام کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجروں کو کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم رکھا جاتا ہے،تاہم اس کے باوجود بھی وہ جانفشانی کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسکیموں میں عملہ سرد ترین سردیوں اور گرمیوں کے دوران ٹین کے شیڈوں میں بغیر بیت الخلاء ڈیوٹی انجام دیتا ہیں،اور اس سے شاید ارباب اقتدار بے خبر نہیں ہیں۔انہوں نے چیف انجینئر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ریمارکس واپس لئے،ورن ملازمین ریاست گیر ہڑتال کیلئے تیار ہے۔پرے نے کہا کہ ملازمین کی تذلیل کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔