آبی گزر میں لبریشن فرنٹ کا عطیۂ خون کا کیمپ منعقد

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
 سرینگر//لبریشن فرنٹ کی طرف سے کل  شہدائے عالی کدل جن میں شیخ عبدالحمید،  مشتاق احمد لون، ایڈوکیٹ جمیل چودھری،فیاض احمد شیخ،مشتاق احمد کوٹے،منظوراحمد خان اور غلام احمدشامل ہیں کی یاد میں آبی گزر سرینگرمیں ایک عطیۂ خون کا کیمپ منعقد ہوا جس میں جملہ فرنٹ قائدین و اراکین  کے ساتھ ساتھ کئی دانشور،قلم کار،تاجر ،طالب علم اور زندگی کے دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہوئے۔ اس موقع پر بیسیوں افراد نے انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے اپنے خون کے عطیات پیش کئے۔عطیۂ خون کے  کیمپ کے موقع پر موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے قائدین نے کہا کہ شہید حریت شیخ عبدالحمید اور ان کے ساتھیوں نے اپنی جدوجہد و شہادت سے جو تاریخ رقم کی ہے وہ اس قوم کا سرمایۂ افتخار ہے جس سے کوئی بھی کشمیری صرف نظر نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ جس قوم و ملت میں شہید شیخ عبدالحمید جیسے جیالے موجود ہوں اور جو شہدائے عالی کدل جیسے عظیم المرتبت شہداء کی قربانیوں کی امین ہے اُسے کوئی ظلم و جبر شکست نہیں دے سکتا۔ لبریشن فرنٹ قائدین نے کہا کہ شہادتوں کا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہمارے پیر و جوان راہ عزیمت میں قربان ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے امین ہونے کی حیثیت سے ہم آج اپنے اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ جموں کشمیر کی آزادی کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *