سرینگر// شہر کے مضافاتی علاقوں میں آبی ذخائر پر ناجائز قبضے کے خلاف مہم شروع کرتے ہوئے آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ نے شریف آباد سے درہ بل تک انہدامی کاروائی شروع کی،جس کے دورا ن فلڈ چینل کے اندر موجود درختوں کی کٹائی بھی کی گئی۔ جامع فلڈمینجمنٹ پلان میں ترجیحی کاموں کے پہلے مرحلے میںآبپاشی و فلڈ کنٹرول کے چیف انجینئر کی سربراہی میں محکمہ کے عملے نے کاروائی تیز کرتے ہوئے یہ انہدامی کاروائی شروع کی جبکہ محکمہ کے سیکریٹری اس کی نگرانی کر رہے تھے۔اس موقعہ پر سیکریٹری نے فلڈ سپل چینل کی فوری طور پر کھودائی کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔چیف انجینئر نے بتایا کہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے سیکریٹری کی ہدایت پر سر نو جو کام سیکشنوں میں تقسیم کر کے شروع کیا گیا ہے،اس سے پہلے ہی اس فلڈ چینل میں پانی کے حجم میں اضافہ ہوا ہے۔سیکریٹری موصوف نے موقعے پر ہی حصول اراضی کے کلکٹر اور دیگر متعلقہ افسران کو کو ہدایت دی کہ فلڈ چینل کیلئے ضروری اراضی کے حصول کا کام شروع کیا جائے تاکہ دریائے جہلم سے سیلاب کے خطرے کو کم کیا جائے اور فلڈ چینل میں مزید پانی کو جگہ دی جائے۔اس موقعہ پر آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے سیکریٹری اور چیف انجینئر نے موقعہ پر ہی اراضی مالکان سے بھی بات کی اور انکے مسائل کو بھی سنا جبکہ انہوں نے اراضی مالکان سے اپیل کی کہ وہ اس پروجیکٹ کی عمل آواری کیلئے محکمہ کے ساتھ مکمل تعاون فرہم کریں۔