عظمیٰ نیوزسروس
کپواڑہ// ڈپٹی کمشنر کپوارہ، آیوشی سودان نے جمعہ کو متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ طلب کی، جس میں آئندہ آبپاشی کے موسم کے پیش نظر ضلع میں آبپاشی کے کوہلوں (نہروں) کو صاف کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔آیوشی نے آبی ذخائر کے بچائو اور گرمیوں کے موسم میں کسانوں کے لیے آبپاشی کی بہترین سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے بروقت صفائی آپریشنز کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں کوہلوں کی صفائی کے کام کو مکمل کرنے کے لیے لیبر کی ساخت، نہروں کی لمبائی، اسٹوریج ٹینکوں کی تعداد اور ٹائم فریم پر مشتمل ایک جامع صفائی پلان پیش کرے۔ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ نازک کوہلوں کی نشاندہی کریں اور انہیں ترجیح دیں جن کی مستقل بحالی پر فوری توجہ دی جائے۔ آر ڈی ڈی کو آئی اینڈ ایف سی کی موسمی لیبر کے علاوہ منریگا کے ذریعے لیبر کی تعیناتی کے لیے ہدایت دی گئی تھی تاکہ بہتر نتائج کے ساتھ ڈیسلٹنگ کے عمل کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔ دونوں محکمے وقت کی پابندی کے ساتھ معیاری کام کو یقینی بنانے کے لیے پوری مشق کی کڑی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ وہ نہروں کی مستقل بحالی کو یقینی بنائیں جو کہ سیلاب کی وجہ سے تباہ ہو گئی ہیں تاکہ پانی کے بہاو کو یقینی بنایا جا سکے اور پانی جمع ہونے سے بچا جا سکے۔