محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کی دوپہر بعد سے موسم آبرو آلود ہوگیا ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کیلئے خراب موسم اور بارشوں و برفباری کی پیشنگوئی کر رکھی ہے۔ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر وقفے کے ٹریفک جام کے بیچ گاڑیوں کی دو طرفہ آمدورفت بنا کسی خلل کے جاری ہے اور جمعرات کی شام تک سینکڑوں مسافر اور مال گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی صبح سے بھاری مسافر ٹریفک نے جموں اور سرینگر کا سفر کیا اور ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے شام جاری تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھاری ٹریفک دباؤ کی وجہ سے ریلوے سٹیشن بانہال ، قصبہ بانہال اور ناچلانہ کے مقامات پر ہلکا ہلکا ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت سست رفتار کا شکار رہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس اور بانہال کے درمیان سڑک کی حالت متعدد مقامات پر خراب ہے اور اس سیکٹر میں ٹریفک کی نقل و حرکت سست روی کا شکار ہو جاتی ہے اور مسافر گاڑی والوں سے بار بار اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس سیکٹر میں رات کے سفر سے اجتناب کریں اور اوور ٹیکنگ کے بجائے قطاروں میں گاڑیوں کو چلائیں۔