سرینگر//فریڈم پارٹی نے شہر سرینگر میں نماز جمعہ اور لوگوں کی نقل و حمل پر عملاً پابندی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہمارے نہتے عوام، یہاں تک کہ خواتین کو تہہ تیغ کیا جارہا ہے اور اگر لوگ اس بربریت کیخلاف آواز بلند کرنا چاہتے ہیں تو اُن پر قدغنیں عاید کی جاتی ہیں۔ مذہبی فرائض کی ادائیگی اور جمہوری طریقوں سے صدائے احتجاج بلند کرنے پر پابندیاں عاید کرنا ہمیں انسانی تاریخ کے اُس دور کی یاد دلارہا ہے جس کو عرف عام میں سیاہ دور کہا جاتا ہے۔ پارٹی نے آئے دنوں عام لوگوں کی نقل و حمل پر پابندیوں اور بلاوجہ کرفیو جیسی سختیاں عائد کئے جانے کو استعماریت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے قبرستان کی خاموشی نافذ کی جاسکتی ہے لیکن لوگوں کے دلوں سے اُن کے سیاسی جذبات کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔