یو این آئی
نئی دہلی/ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز کرس گیل نے انکشاف کیا کہ آئی پی ایل میں پنجاب کنگز سے کھیلنے کے دوران ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا۔ لیگ میں سینئر کھلاڑی ہونے کے باوجود مجھے نئے کھلاڑی کی طرح سمجھا گیا۔ گیل نے انکشاف کیا کہ کنگز الیون میں میرا احترام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے میرے ساتھ بچوں جیسا رویہ اختیار کیا۔ اپنی زندگی میں پہلی بار مجھے لگا کہ میں ڈپریشن میں جا رہا ہوں۔شبھانکر مشرا کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے ، کرس گیل نے اپنے جذباتی اور مشکل وقت کو یاد کیا، جب وہ پنجاب کنگز کے ساتھ کھیل رہے تھے ۔آئی پی ایل لیجنڈ گیل نے یوٹیوب پر شبھانکر مشرا کے پوڈکاسٹ میں اپنے آئی پی ایل کیریئر پر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم کے کپتان راہل نے مجھے سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن میں ڈپریشن میں جانے لگا تھا۔گیل نے پوڈکاسٹ میں کہا: “پنجاب میں مجھے سینئر کھلاڑی کی طرح نہیں سمجھا گیا۔ زندگی میں پہلی بار میں ڈپریشن میں جانے لگا تھا۔ انل کمبلے (کوچ) سے بات کرتے ہوئے میری آنکھوں میں آنسو آگئے تھے ۔ میں ان کے کام اور فرنچائز کے طریقوں سے بہت مایوس تھا۔”گیل نے مزید بتایا: “پنجاب کے کپتان کے ایل راہل نے مجھے سنبھالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا تھا، ‘کرس رُک جاؤ، تم اگلا میچ کھیل رہے ہو،’ لیکن میں نے صرف یہ کہا کہ آپ کو آگے کے لئے نیک تمنائیں۔ پھر میں نے اپنا بیگ پیک کیا اور وہاں سے چلا گیا۔”