دبئی/ آئی سی سی نے ٹیسٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق بھارتی ٹیم رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہے، جنوبی افریقا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، آسٹریلیا چوتھے جبکہ پاکستانی ٹیم ساتویں نمبر پر براجمان ہے۔ انگلینڈ کے دو درجے تنزلی ہوئی ہے، پاکستان ٹیم کی ساتویں پوزیشن برقرار ہے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کی ہے، ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد انگلینڈ کی رینکنگ میں دو درجے تنزلی ہوئی ہے۔انگلیںڈ کی ٹیم تیسری سے پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جبکہ جیتنے کے باوجود ویسٹ انڈیز کی رینکنگ میں کوئی بہتری نہیں ہوئی البتہ ان کو 7 پوائنٹس ملے ہیں۔انگلش ٹیم آخری ٹیسٹ 232 رنز سے جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی تاہم دو ٹیسٹ ہارنے سے اس کو 4 رینکنگ پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا جس کی وجہ سے ان کی رینکنگ متاثر ہوئی۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد اپنی پانچویں پوزیشن سے ہاتھ دھوبیٹھی تھی اور ساتویں نمبر پر پہنچ گئی۔