بانہال // پولیس۔ عوام کی رابطہ مہم کے تحت انڈین ریزرو پولیس نویں بٹالین کی طرف سے بانہال میں یتیم بچوں کو جوتوں کے جوڑے اور ٹریک سوٹ کے علاوہ نقدی رقم فراہم کی گئی۔ اس موقع پر کمانڈنٹ IRP-9 بٹالین ابرار چوہدری مہمان خصوصی کے طور مدعو تھے جبکہ اس موقع پر دیگر افسروں کے علاوہ جموں وکشمیر یتیم ٹرسٹ کے گلشن اطفال اور یتیم ویلفیئر ٹرسٹ بانہال کے زعماء اور معزز شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مقررین نے آئی آر پی 9ویں بٹالین ہیڈکواٹر رام بن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس ایثار سے اپنے والدین کے سائے سے محروم یتیم بچوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ایسے پروگراموں کے ذریعے ایسے بچوں تک پہنچنے کی مزید ضرورت ہے اور اس کیلئے عام لوگوں کو بھی اس کارخیر میں سامنے آنا ناگزیر بن گیا ہے۔ اس موقع پر جموں وکشمیر یتیم ٹرسٹ کے گلشن اطفال اور یتیم ٹرسٹ ویلفیئر ٹرسٹ بانہال کے مختلف سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم 48 بچوں میں جوتے ، ٹریک سوٹ اور بعض بچوں کو جوتے خریدنے کیلئے نقدی رقم ادا کی گئی۔ اس موقع پر کمانڈنٹ انڈین ریزرو پولیس 9ویں بٹالین کے کمانڈنٹ ابرار چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے پروگرام ریاستی پولیس کے اعلی افسروں کے صلاح مشورے سے مرکزی محکمہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے منعقد کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی مدد کیلئے ہم سب کو سامنے آنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے وہ یتیم فائونڈیشن کے قیام اور اس کی رجسٹریشن کے بارے میں مرکزی سرکار کی معاونت سے ایک رضاکار تنظیم بنانے میں بھی کوشش کی جائے گی تاکہ ضلع رام بن میں بلا لحاظ مذہب وملت یتیم بچوں تک پہنچا جا سکے اور انکی کسی حد تک مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ پولیس اور سرکار سماج کے غریب ، نادار ، اپاہج اور یتیم بچوں کی ہر ممکن مدد کیلئے کوشاں ہے اور اس کا مقصد صرف اِن بچوں کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ایسے مزید پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں جس میں یتیم اور نادار بچوں کو مدد کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ انکی تعلیمی سرگرمیاں غربت کی وجہ سے متاثر نہ ہوں پائیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں والد یا والدین کے سائے سے محروم بچے اور ہمارے سماج کے اپاہج بچے بے شمار صلاحتوں کے مالک ہوتے ہیں اور انکی حوصلہ افزائی سے ان کے اندر چھپی صلاحتوں کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے سماج کے ہر فرد اور سرکار اور محکمہ پولیس کے ملازمین کو اپنا فرض انجام دینے میں اپنا کرادر ادا کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام سمیت دیگر مذاہب نے بھی یتیموں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ترغیب دی ہے اور وہ لوگ سرخرو ہوتے ہیں جو یتیموں کی مدد کرتے ہیں۔ کمانڈنٹ ابرار چوہدری نے مقامی لوگوں کی طرف سے غریب اور یتیم بچوں کیلئے ایک لائبریر ی کی مانگ کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ وہ کتابیں فراہم کرینگے اور اس کیلئے اپ لوگوں کو ایک کمرہ کا انتطام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے وہاں موجود عہداروں سے کہا کہ وہ جس طرز کی نصابی اور دیگر امتحانوں میں کام آنے والی کتابوں کی فہرست انہیں سونپ دیں اور وہ مذکورہ کتابوں کو منگا کر اس لا ئبریری کا قیام عمل میں لائیں گے۔ ہائر سیکنڈری سکول بانہال کے احاطے میں ہوئی اس تقریب پر جموں وکشمیر ویلفیئر ٹرسٹ بانہال کے عبدالمجید وانی ، مہتمم عبدالغفار تانترے ، یتیم ویلفیئر ٹرسٹ بانہال کے صرر تعظیم احمد وانی نے بھی وہاں موجود سامعین کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پرکشوری لعل زونل ایجوکیشن پلاننگ افیسر بانہال ، ایس ڈی پی او بانہال دھیرج کٹوچ ، ایاز شیخ ڈی ایس پی انڈین ریزرو پولیس ،ایس ایچ او بانہال محمد افضل وانی ،عبدالغنی تانترے ، عبدالجمید نجار ، ماسٹر ریاض احمد وانی ، ماسٹر جاوید احمد قابل ذکر تھے۔ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض شوکت احمد لون نے انجام دیئے جبکہ ڈی ایس پی ایاز شیخ نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔