عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (IICT)، سری نگر نے کل 100 فعال رجسٹرڈ قالین بْننے والوں کے انتخاب کے لیے ’قرعہ اندازی‘ کا اہتمام کیا تاکہ مفت موڈیفائیڈ ماڈرن اسٹیل کارپٹ لومز کی تقسیم کی جاسکے۔قرعہ اندازی میں شرکت کے لیے مختلف اضلاع سے درخواست گزار بنکروں کی ایک بڑی تعداد یہاں باغ علی مردان خان میں واقع آئی آئی سی ٹی کے احاطے میں جمع ہوئی جس کے بعد نامزد کمیٹی نے منصفانہ اور شفاف طریقے سے 100 مستحقین کا انتخاب کیا۔ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی زبیر احمد نے بتایا کہ یہ لومز، جنہیں ٹیکسٹائل کی وزارت، بھارت کی طرف سے جاری مالی سال کے لیے اس کی ’اون پروسیسنگ اسکیم‘ کے تحت 43.70 لاکھ کی لاگت سے منظور کیا گیا ہے، ایک تقریب میں منتخب مستفیدین میں تقسیم کیے جائیں گے جسے الگ سے مطلع کیا جائے گا۔