سرینگر//خزانہ اور محنت و روز گار کے وزیر ڈاکٹر حسیب اے درابو نے کہا ہے کہ حکومت کے لئے ایک اہم شعبۂ ہے اور یہ ریاست جموں وکشمیرکی تجارت کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر خزانہ فاؤنڈیشن فار ریسورس ڈیولپمنٹ اینڈ ایجوکیشن کی طرف سے منعقدہ’’آئیڈیاز سمٹ‘‘ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں وادی کشمیر کے سینکٹروں کارخانہ داروں اور تجارت سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔تقریب پر مرکزی وزیر مملکت برائے شہری ہوا بازی جینت سنہا اور وائس چیئرمین جے کے پروجیکٹس کنٹرکشن کارپوریشن خالد جہانگیر کے علاوہ ریاستی حکومت کے کئی افسران بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ریاست میں بڑا مسئلہ نجی سرمایہ کاری میں سست رفتاری ہے جسے وقت کے ساتھ ساتھ بڑھاوا دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام قدرتی طور ہُنر مند اور با صلاحیت قوم ثابت ہوئی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم کشمیر کی مصنوعات کو بڑے پیمانے پر مارکیٹ کی سہولیات فراہم کریں۔وزیر نے کہا کہ جموں وکشمیر میں7.4 لاکھ انٹر پرائزز موجود ہیں جہاں16 لاکھ لوگ ملازمت حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ادارے اپنی افرادی وقت میں اضافہ کریں تو ان کی تجارت بھی فروغ پائے گی اور ان کی اقتصادی حالت بھی بہتر ہوگی۔ڈاکٹر درابو نے کہا کہ کشمیر ایک بڑا مقبول سیاحتی مرکز ہے اور اس میں سیاحتی سرگرمیوں میں بڑھاوا دینے کے لئے پُر امن فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پر فرض ہے کہ ہم وادی میں امن و امان کی فضا قائم کرنے میں اپنا رول ادا کریں۔