سرینگر //نیشنل کانفرنس صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ پارٹی کے پروگرام میں ریاست کی تینوں خطوں کی یکساں ترقی ، مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ تینوں خطوں کے علاقائی زبانوں ، تہذیب و تمدن کلچر کا تحفظ اندراج ہے اور ریاست کے صدیوں کے بھائی چارہ کی ریت قائم ودائم رکھنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول اور منشور ہے اس کے ساتھ ساتھ آئین ہند میں ریاست کے لوگوں کو جو جمہوری اور آئینی حقوق حاصل ہوئے ہیں ان کی ہیئت اور حیثیت اولین ترجیحات میں رہنا چاہئے اور آئین ہند کے معمار کا بھی احسان مند رہنا چاہئے جس نے ملک کے تمام فرقہ کے لوگوں کو آئینی اور جمہوری حقوق اور مذہبی آزادی کے حقوق آئین ہند میں درج کئے ہیں ۔ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست کے لوگوں کی اپنی آبائی اور عوامی نمائندہ جماعت رہی ہے جس نے ہمیشہ تشدد کے خلاف آواز بلند کی اور عدم تشدد کے حامی رہی ۔ اسی جماعت نے آئین کی بالادستی، ووٹ پرچی اور پنچایت راج کے ساتھ ساتھ مزدور راج ، امداد باہمی راج کی بنیاد ڈالی اور 80% گاؤں کے لوگوں کو زمین پر مالکانہ حقوق دلائے ۔ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور اسکی عظیم قیادت گزشتہ پونے ایک صدی سے ہندوستان اور پاکستان مضبوط دوستی کی وکالت کرتی آئی ہے اور ان کے درمیان خوشگوار تعلقات پرمطمئن رہی ہے تاکہ مسئلہ کشمیر جو ہندوستان اور پاکستان کی دوستی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل ہونا چاہئے اور اسی کے حل ہونے سے ہی ریاست میں امن لوٹ آنے کی واحد صورت ہے اور مسئلہ حل ہونے کے ساتھ ساتھ ہی ریاست میں پائیدار امن کی بھی واحد ضمانت ہیں ۔