سرینگر //لبیک اللھم لبیک کے صدائوں کے بیچ عازمین کا پہلا قافلہ سنیچر کو سرینگر سے مدینہ کیلئے روانہ ہوا ۔پہلے قافلے میں 820عازمین شامل تھے، جنہیں 4پروازوں کے ذریعے روانہ کیا گیا ۔سعودی عرب روانگی سے قبل بیشتر عازمین انتہائی جذباتی نظر آئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ پاک سرزمین پر پہنچ کر اللہ کی بارگاہ میں وادی میں امن کی بحالی، خوشحالی اور ترقی کیلئے دعاکریں گے ۔عازمین حج کے پہلے قافلے کو سنیچر کے روز ہوائی اڈہ سے گورنر این این ووہرا نے رخصت کیا ۔اس موقعہ پر وہاں ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ،ڈی سی سرینگر عابد رشید ،ڈی سی بڈگام ڈاکٹر صحرش اصغر ،آئی جی پی سیکورٹی منیر احمد خان کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسرن بھی موجود تھے ۔سنیچر کی صبح ہی وادی کے اطراف واکناف سے عازمین اور اُن کے ساتھ آئے دیگر لوگوں کی ایک بڑ تعداد حج ہاوس بمنہ پہنچی تھی جہاں سے انہیں ہوائی اڈہ تک پہنچایا گیا ۔صبح دس بجے پہلی پرواز نے اڑان بھری جس میں 360عازمین کو مدینہ روانہ کیا گیا ،اُس کے بعد دن کے 12بجے 2پروازوں کے ذریعے 300عازمین کو سرینگر سے مدینہ روانہ کیا گیا ۔آخری پرواز نے دن کے قریب 2بجے اڑان بھری جس میں 160عازمین سوار تھے ۔اس دوران کئی عازمین نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اُمید کے ساتھ پاک سرزمین پر جا رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اُن کی دعاء ضرورقبول کریں۔ حج ہاوس بمنہ سے ہوائی اڈہ سرینگر تک لبیک اللھم لبیک کی صدائیں گونج رہیں تھیں ۔ چیف ایگزیکٹو افسر جموں وکشمیر حج کمیٹی قمر سجاد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رواں سال 32ہزار 3سو لوگوں نے درخواستیںدی تھیں جن میں سے اس بار 10292عازمین فریضہ حج ادا کرنے کیلئے مدینہ جا رہے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ اس سال حج کمیٹی آف انڈیا نے 250عازمین کا اضافی کوٹا ریاستی سرکار کو دیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہر روز تین اڑانوں کے ذریعے ہی عازمین کو ہوائی اڈہ سے مدینہ روانہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں عازمین کیلئے حج تربیتی پروگرام دو مرحلوں کے تحت پورا کیا گیا تھا ،اور اس کیلئے 43تربیت یافتہ عالموں کی خدمات حاصل کی گئیں تھیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ 10ہزار عازمین کے ساتھ 50 خدام الحجاج کو مدینہ منورہ عازمین کی معاونت کے لئے بھیجا جا رہا ہے۔ بمنہ حج ہاوس کی شکایت سیل کے مطابق سعودی ریال حاصل کرنے کیلئے حج ہاوس بمنہ میں خصوصی کاؤنٹردستیاب ہیں عازمین کا آخری قافلہ 25جولائی کو سرینگر سے روانہ ہو گا جبکہ 25اگست کو مدینہ سے سرینگر پہلے قافلہ پہنچے گا اور وہاں سے حجاج کا آخری قافلہ 7ستمبر کو سرینگر پہنچے گا ۔ پہلی پرواز میں سفر کرنے والے340 عازمین میں179 مرد اور161 خواتین شامل تھیں۔ان عازمین میں سے203 کا تعلق ضلع اننت ناگ،6 کا بانڈی پورہ،26 کا بارہ مولہ،20 کا بڈگام،6 کا گاندر بل،4 کا کولگام،6 کا کپواڑہ،16 کا پلوامہ،52 کا سرینگر اور ایک کا شوپیاں سے تھا۔