کپوارہ//ترہگام کپوارہ کے مضافاتی گائو ں آئورہ میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں 40دکانیں اور نصف درجن مکانات جل کر خاکستر ہوگئے اور لاکھو ں روپئے مالیت کی املاک راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوگئی ۔ ضلع انتظامیہ نے منگل کوآ ئورہ کا دورہ کر کے نقصانات کا جائزہ لیکر محکمہ مال کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور اس کو ہدایت دی کہ فوری طور نقصان کا تخمینہ لگا کر ضلع انتظامیہ کو رپورٹ پیش کریں ۔اس موقع پر مقامی لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ آئورہ میں ایک فائر سروس سٹیشن قائم کریں تاکہ ایسے مواقع پر بروقت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔واضح رہے کہ لوگ رات کا کھانا کھانے کے بعد سونے کی تیاری میں تھے کہ 11بجے کے قریب بازار میں اچانک آ گ نمو دار ہوئی جس نے فوری طور پورے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آ گ اس قدر بھیانک تھی کہ اس نے بازار کے قریب نصف درجن مکا نا ت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ آ گ اس قدربھیانک تھی کہ اس کے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے اور آگ لگنے کے بعد پورے علاقہ میں اتھل پتھل مچ گئی جبکہ آگ لگنے کے بعد آ س پاس کے لوگ آئورہ پہنچ گئے اور بچائو کارروائی شروع کی ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ نوجوانو ں نے رہائشی مکانو ں سے مکینو ں کو باہر نکالنے کو ترجیح دی ۔لوگو ں کا کہنا تھا کہ جب تک فائر سروس ٹینڈر یہا ں پہنچ گئے تب تک آئورہ کا پورا بازار راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا تھاجبکہ نصف درجن مکانات بھی اس کی زد میں آکر خاکستر ہوئے اور فائرسروس ٹینڈوں نے بازار کے قریب باقی بستی کو بچا لیا ۔مقامی لوگو ں کے مطابق آگ لگنے سے پہلے فوج اور ایس او جی اہلکاروںنے علاقے کو گھیرے میں لیا تھا بلکہ کئی مکانات کی تلاشی بھی لی ۔لوگوں نے کہاکہ فوج اور ایس او جی نے محاصرہ کر رکھا تھا جس کے بعد لوگ شام کے بعد اپنے ہی گھرو ں میں تھے ۔لوگو ں نے مزید کہا کہ بستی سے فوج کے چلے جانے کے کچھ ہی دیر بعد آئورہ کے بازار میں آگ نمودار ہوئی ۔انہوں نے اس واقع تحقیقات کا مطالبہ کیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کپوارہ عبد الخالق وانی نے بتا یا کہ آئورہ میں آگ لگنے کے بعد 5فائر سروس ٹینڈوں کو آگ بجانے کے کام پر لگایا گیا ۔انہو ں نے کشمیر عظمیٰ کوبتا یا کہ دو منزلہ 2تجارتی کمپلیکس میں 38دکانیں قائم تھیں جن میں24دکانیں مکمل طور خاکستر ہوگئیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ کی اس واردات میں 4مکانات بھی خاکستر ہوگئے جن میں 3دو منزلہ تھے جبکہ جمو ں و کشمیر بینک بھی آگ کی شعلو ں کی نذر ہو گیا ۔انہو ں نے بتا یا کہ کئی دکانیں لکڑی کے تھے اوردکانو ں میں موجودکئی گیس سیلنڈر بھی پھٹ گے جس کے نتیجے میں آگ پھیلنے میں دیر نہیں لگی۔ ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر فیاض گیلانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا پولیس نے معاملہ سے متعلق ایک کیس درج کرلیااور تحقیقات شروع کی ۔انہو ں نے کہا کہ پیر کی شام کو فوج معمول کے گشت پر تھی ۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ آگ ایک نانوائی کی دوکان سے نمو دار ہوئی جس نے فوری طور پورے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔