نیوز ڈیسک
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ نے آج سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی اے جی ڈی کو ایک سیاسی اتحاد کی صورت میں سامنے آنا چاہئے۔
عمرعبداللہ نے کہا، “میں پی اے جی ڈی کو آئندہ انتخابات میں بی جے پی اور اس کی اے اور بی ٹیم کو شکست دینے کیلئے ایک ساتھ الیکشن لڑنے کا مشورہ دے رہا ہوں”۔
اسی دوران اُنہوں عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے دفعہ370کی منسوخی کے خلاف دائر عرضیوں پر سماعت کرنے کی رضامندی کا بھی خیر مقدم کیا، اُنہوں نے کہا کہ عدالت نے اس معاملے کی شنوائی میں دیر کر دی ہے، مزید دیر ہوئی تو عدالت کے فیصلے کو نافذ کرنا مشکل ہو جائے گا۔
عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ 5اگست2019کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے خطے میں متعدد قوانین غیر قانونی طور نافذ کر دیے گئے ہیں، جنہیں بعد میں منسوخ کرنا عدالت اور سرکار کیلئے مشکل ہو جائے گا۔
حدبندی کمیشن کے متعلق ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کمیشن کی پہلی رپورٹ پر بھی اعتراضات جتائے تھے اور حال ہی میں شائع رپورٹ کے متعلق اعتراضات بھی درج کرائے گئے ہیں، ختمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد اس معاملے پر غور کیا جائے گا۔
حجاب پر پوچھے جانے والے ایک سوال میں عمر نے کہا، “حجاب ہمارا بنیادی حق ہے، کسی کو بھی ہمارے مذہبی معاملات میں مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی”۔