’میں بالی ووڈ کا ولن نہیں، تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہوں‘:عمران خان
اسلام آباد( پاکستان)//چیئرمین تحریک انصاف اورپاکستان کے متوقع نئے وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو بات چیت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت ایک قدم آگے آتا ہے ،تو پاکستان دو قدم آگے آنے کیلئے تیار ہے کیونکہ ہند پاک کے درمیان بہتر تعلقات اور دوستی برصغیر میں قیام امن کی ضمانت ہے ۔اپنی پارٹی کی بڑی کامیابی پر پہلے عوامی پیغام میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئیہند پاک تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے جس طرح میری کردارکشی کی اُس پربہت دکھ ہوا، بھارتی میڈیانے مجھے ایسے پیش کیا جیسے میں کسی بالی ووڈ فلم کا’ولن‘ ہوں‘ ۔انہوں نے کہا ’پاکستان اور بھارت کے بہتر اور اچھے تعلقات برصغیر کیلئے اچھے ہوں گے‘۔انہوں نے کہا’ غربت ختم کرنے کے لئے پاکستان اوربھارت کوتجارت کرنی ہوگی، جس سے فائدہ ہوگا، بدقسمتی ہے ہمارے مسائل میں کشمیر’کور ایشو ‘ہے۔ ان کا کہناتھا کہ اس مسئلے کی وجہ سے کشمیر عوام کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بد ترین مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصے میں اگر فوجی جمائو ہو تو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر ہی حل تلاش کیا جاسکتا ہے ۔عمران خان نے کہا ’بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کیلئے پاکستان تیار ہے ۔ان کا کہناتھا ’اگر بھارت ایک قدم آگے آتا ہے ،تو پاکستان دو قدم آگے آنے کیلئے تیار ہے‘۔متوقع وزیر اعظم پاکستان نے مزید کہا کہ بھارت ہرچیزپرپاکستان پرالزام لگاتاہے یہ تعلقات کیلئے اچھا نہیں اگر بھارتی لیڈرشپ مذاکرات کے لیے تیارہے، تو ہم بالکل تیارہیں تعلقات بہترہوں، چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت مل کربیٹھیں اور بات کریں۔‘انہوں نے کہا کہ میں وہ پاکستانی ہوں جس نے کرکٹ کے لیے سب سے زیادہ ہندوستان کا دورہ کیا ہے اور یہاں پر میری لوگوں سے سب سے زیادہ واقفیت ہے۔عمران خان نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر ہونے چاہئیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بھی فروغ ملنا چاہیے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اس میں ایک دوسرے کو موردِ الزام ٹھہرایا جارہا ہے، جبکہ اس دونوں ممالک کو چاہیے کہ اس مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے بہتر تعلقات دونوں ممالک سمیت خطے کے لیے انتہائی اہم ہے۔