عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی//اتراکھنڈ کے اْترکاشی میں بادل پھٹنے کا دردناک واقعہ پیش آیا ہے، جس نے ہر طرف تباہی کا منظر پیدا کر دیا ہے۔ اس حادثہ میں کم از کم 12 لوگوں کے ملبہ میں دبنے کی اطلاع سامنے آ رہی ہے، جبکہ 60 لوگوں کے لاپتہ ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس واقعہ میں اب تک کم از کم 4 افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔ بادل پھٹنے کی خوفناک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح چند سیکنڈ میں سب کچھ تباہ ہو گیا۔ ویڈیو میں کچھ لوگ چیختے ہوئے بھی سنائی دے رہے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ بادل پھٹنے سے کھیرگاڑ میں آبی سطح بڑھ گئی اور قصبہ دھرالی کھیرگاڑ میں ملبہ بھی تیزی سے بہتا چلا گیا۔ اس سے قصبہ کے کئی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق سیلاب کا پانی کئی ہوٹلوں میں گھس گیا ہے۔ سیلاب کے پانی کے ساتھ ملبہ بھی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آبی سطح بڑھنے سے دھرالی مارکیٹ میں بھی شدید نقصان ہوا ہے۔اس حادثہ کی خبر ملتے ہی راحت و بچائوکاری کے لیے ریسکیو ٹیمیں روانہ ہو گئی ہیں۔ بھٹواڑی سے ایس ڈی آر ایف کی ٹیم بھی دھرالی کی طرف روانہ ہوئی ہے۔ اترکاشی کے ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے بتایا کہ ہرسل کے پاس دھرالی میں بادل پھٹنے کا بڑا حادثہ ہوا ہے۔ انھوں نے ریسکیو ٹیمیں موقع پر روانہ ہونے کی جانکاری بھی دی۔اترکاشی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس حادثہ سے متعلق جانکاری شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہرسل علاقہ میں کھیرگاڑ کی آبی سطح بڑھنے سے دھرالی میں نقصان ہونے کی اطلاع پر پولیس، ایس ڈی آر ایف اور فوج وغیرہ آفات ٹیم موقع پر راحت و بچائوکاری کام میں مصروف ہیں۔ مذکورہ حادثہ کو دیکھتے ہوئے سبھی ندی سے مناسب دوری بنائیں۔ خود، بچوں اور مویشیوں کو ندی سے مناسب دوری پر لے جائیں۔‘‘اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس واقعہ پر غم و اندوہ کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا ہے کہ ’’دھرالی (اترکاشی) علاقہ میں بادل پھٹنے سے ہوئے شدید نقصان کی خبر انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ ’’راحت و بچائو کاری کے کاموں کے لیے ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ٹیمیں جنگی سطح پر مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں لگاتار سینئر افسران سے رابطے میں ہوں اور حالات کی گہری نگرانی کی جا رہی ہے۔ ایشور سے سبھی کی بہتری کے لیے دعا کرتا ہوں۔‘‘ اس دوران ہماچل پردیش میں مانسون سے متعلق حادثات میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 192 ہو گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں آٹھ سے زیادہ افراد کی موت ہوئی ہے۔تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست کو مسلسل بارشوں اور آفات کی وجہ سے 1753 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے جس میں صرف سرکاری انفرااسٹرکچر کا 1700 کروڑ روپے کا نقصان شامل ہے۔
متاثرہ لوگوں کی مدد کی جا رہی ہے: مودی
یواین آئی
نئی دہلی // وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے اترکاشی کے دھرالی میں بادل پھٹنے کے سانحہ سے متاثرہ لوگوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ لوگوں کی بھلائی کی بھی خواہش کی ہے۔وزیر اعظم نے اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی سے بھی بات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضرورت مندوں کی بروقت امداد کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ مودی نے منگل کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہاکہ میں اترکاشی کے دھرالی میں اس سانحے سے متاثرہ لوگوں کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میں تمام متاثرین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ میں نے وزیر اعلیٰ پشکر دھامی جی سے بات کر کے حالات کے بارے میں دریافت کیا ہے۔ ریلیف اور ریسکیو ٹیمیں ریاستی حکومت کی نگرانی میں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ سے بات کی ہے اور واقعہ کے بارے میں دریافت کیا ہے۔ آئی ٹی بی پی کی قریب ترین تین ٹیمیں وہاں بھیجی گئی ہیں، اس کے ساتھ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی چار ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر روانہ کی گئی ہیں، جو جلد پہنچ کر بچاؤ کے کام میں مدد کریں گی۔