جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج جموں میں جسمانی طور خاص اَفراد(دیویانگ جن) کے لئے اِمدادی آلات کی بڑے پیمانے پر تقسیم مہم کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر جموں کی طرف سے شروع کئے گئے اس نیک اقدام کی ستائش کی جو دو اہم مرکزی معاونت والی سکیموں راشٹریہ ویوشری یوجنا (آر وِی وائی) اور خصوصی افراد کے لئے امدادی آلات کی خریداری/فٹنگ کے لئے امداد( اے ڈِی آئی پی) کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔ اِن سکیموں کا مقصد بزرگ خصوصی اَفراد کی زِندگی کو بہتر اور دیویانگ جن کو بااِختیار بنانا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’میرا پختہ یقین ہے کہ جسمانی طور خاص اَفراد میں خصوصی صلاحیتیں ہوتی ہیں اوروہ منفرد طاقت اور نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ میں ان کی غیر معمولی ہمت، مسئلہ حل کرنے کی مہارت اور معاشرے کے لئے ان کی ہمدردی کی دل سے تعریف کرتا ہوں۔میں دیویانگ جن کو یقین دِلاتا ہوں کہ اِنتظامیہ ہر شعبۂ زِندگی میں برابری اور یکساں مواقع کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے اور حقوق، رسائی اور وقار کے معاملے میں ان کے ساتھ ہمیشہ مساوی سلوک کیا جائے گا۔‘‘اُنہوںنے حکام کو ہدایت دی کہ وہ شمولیت کو فروغ دیں اور جدید ٹیکنالوجی کی دُنیا میں عملی حل سے فائدہ اُٹھائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’میں ہمیشہ سے ایک ہمدرد معاشرہ بنانے کا خواب دیکھتا رہا ہوں اور دیویانگ جن کی فلاح و بہبود اور بحالی میری اوّلین ترجیح ہے۔ اُن کی زِندگی میں عزت و وقار کی بحالی اور ہر شعبے میں شرکت کو یقینی بنانا میری ذاتی وابستگی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں اِس بات کا اعادہ کیا کہ مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر یو ٹی کی اِنتظامیہ بزرگ شہریوں کی اِنفرادی ضروریات کے مطابق منصفانہ مواقع فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’میں ذاتی طور پر اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ’ نظامی عدم مساوات اور رسائی میں رُکاوٹیں، چاہے وہ جسمانی ہوں، ڈیجیٹل ہوں یا سماجی ‘مکمل طور پر ختم کی جائیں۔‘‘اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر نے اِنٹگریٹیڈ سوشل سیکورٹی سکیم ( آئی ایس ایس ایس ) کے تحت آدھار کی نان سیڈنگ سے جڑے مسائل کے باعث زیر التوأ پنشن بقایاجات کی مد میں 6.14 کروڑ روپے کی رقم 12,660 مستحقین میں تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا۔ اِس اَقدام کا مقصد بزرگوں، بیواؤں اور جسمانی طور خاص اَفراد کی مالی شمولیت اور مدد کو یقینی بنانا ہے ۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ سماجی بہبود ایک انقلابی ایپ تیار کر رہا ہے تاکہ اہل بزرگ شہریوں کو پنشن سکیم سے مربوط کیا جا سکے۔اُنہوں نے جموں کے لوئر چوڑی میںدین دیال دیویانگ جن رِی ہیبلٹیشن سکیم ( ڈِی ڈِی آڑ سی ) کے تحت 4.39 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم 50 بستروں پر مشتمل ہاف وِے ہوم کا اِفتتاح بھی کیا۔ یہ سینٹر ان ذہنی مریضوں کی سماجی بحالی میں مدد کرے گا جن کا علاج مکمل ہو چکا ہو اور جوہسپتال سے فارغ کئے گئے ہوںتاکہ وہ معاشرے میں دوبارہ شامل ہو سکیں۔اُنہوں نے دیونگ جن کے لئے خود روزگار سے متعلق منصوبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کی اور حکام کو ہدایت دی کہ دیویانگ جن کے لئے مخصوص ایک پارک کے قیام کی تجویز مرکزی حکومت کو بھیجی جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سانبہ کے منڈی گرگلیاں میں 3.03 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم پریشا چائلڈ کیئر اِنسٹی چیوشن کا بھی اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے اِس ادارے سے منسلک تمام اَفراد کی کاوشوں کو سراہا جو ضرورت مند بچیوں کو ایک محفوظ اور پرورش کاماحول فراہم کر رہے ہیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر جموں نے منصوعی اعضاء مینو فیکچرنگ کارپوریشن آف اِنڈیا( اے ایل آئی ایم سی او)کے اِشتراک سے صوبہ جموںکے تمام دس اَضلاع میں 112 اسسمنٹ کیمپس منعقد کئے ہیں۔اے ڈِی آئی پی سکیم کے تحت 2,939 خصوصی افراد اور آر وِی وائی سکیم کے تحت 2,756 بزرگ شہریوں سمیت مجموعی طور پر 5,918 شناخت شدہ مستفیدین ہیں جنہیں اِس بڑے پیمانے پر تقسیم مہم کے دوران 19,960 سے زائد امدادی آلات فراہم کئے جائیں گے۔اِس موقعہ پر قانون ساز اسمبلی کے اَرکان شیام لال شرما، اروند گپتا، گھرورام، یودھویر سیٹھی اور سریندر کمار، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جموںروپیش کمار، دیگر سینئر اَفسران، دیویانگ جن، مختلف این جی اوز کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے اَفراد موجود تھے۔