عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے فلاحی سرگرمیوں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرگرمیاں اِنسانیت کی خدمت اور لوگوں کو یکساںمواقع فراہم کرنے کے لئے ضروری ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ شری چندی ماتا ٹرسٹ جموں کے زیر اہتمام پکا ڈنگا میں چندی ماتا مندر کے 29ویں یومِ تاسیس کی یاد میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ حقیقی عقیدت اِنسانیت کی خدمت میں ہے اور ہمیں اِجتماعی طور پر ایسی سرگرمیوں کو اپنانا چاہیے جو عام لوگوںکے لئے فائدہ مند ہوں۔ اُنہوں نے مزید کہا، ’’ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم سماج کے کمزور اور پسماندہ طبقے کی بہتری کے لئے کام کریں۔ ہمیں اَپنی کوششیں تعلیم، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی طرف مرکوز کرنی چاہئیں ۔‘‘نائب وزیراعلیٰ نے سماجی چیلنجوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا معاشرہ اِس وقت مختلف سماجی برائیوں کی لپیٹ میں ہے اوران کے خاتمے کے لئے اِجتماعی طور پرکام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔اُنہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک مہذب اور فلاحی سماجی نظام کی تشکیل کے لئے آگے آئیں۔اُنہوں نے نوجوانوں سے مختلف برائیوں سے پاک سماجی نظام کی تشکیل میں اپنا رول اَدا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ غلط معلومات کی مہم اور ذاتی مفادات کا شکار نہ ہوں اور منشیات کے اِستعمال کا سہارا نہ لیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کے بجائے اُنہیں روحانی اور فکری ترقی کے لئے سنتوں اورصوفیوں کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔سریندر کمار چودھری نے مزید کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک خطہ بنانے کے لئے ایک جامع مہم شروع کی ہے اور اِس مسئلے کو قانون عملانے والے اِداروں کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکے۔اِس سے قبل نائب وزیراعلیٰ نے پریڈ میں امر شہید کیپٹن گندھارو منہاس میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک مفت میڈیکل کیمپ کا اِفتتاح بھی کیا۔
کھلاڑیوں کوہرطرح کی مدد اور سہولت فراہم کی جائیگی | نائب وزیر اعلیٰ کی کانسی کا تمغہ جیتنے والے رجت سنگھ کو مُبارک باد
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نائب وزیراعلیٰ سریندر کمارچودھری نےجوڈو ایونٹ میں 38ویں نیشنل گیمزدہرادون اُتراکھنڈ۔ 2025 میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے رجت سنگھ چِب کو مُبارک باد دی ۔نائب وزیراعلیٰ نے سپورٹس پرسن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مطلوبہ بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے ایک جامع میکانزم شروع کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی اور علمی صلاحیتوں کے لئے بھی ضروری ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ کئی کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرکے جموں و کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا، ’’یہ جموں و کشمیر کے لئے فخر کی بات ہے کہ ہمارے نوجوان کھلاڑی اَپنی شناخت بنا رہے ہیں اور ہم یقینی بنائیں گے کہ انہیں ہرطرح کی ممکنہ مدد اور سہولیت فراہم کی جائے۔‘‘یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ ضلع راجوری کے ہنجانہ نوشہرہ کے رہنے والے رجت سنگھ چِب نے مردوں کے زُمرے میں 35 سال کے طویل وقفے کے بعد اس ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔