ہو گیا اعلان جب سے انتخابی جنگ کا
چھا گیا موسم سیاسی ہُو تُتُو ہُڑ دنگ کا
چھل کپٹ کی عادی جنتا کو لُبھانے کے لئے
دُم ہِلاتے دیکھے جائیں گے سیاسی بھیڑئے
چہروں پر چہرے لگا کر نِکلیں گے بہروپئے
جو بنائیں گے ہمیں خود کو بنانے کے لئے
خوب دورہ ہوگا اب تو ماہرِ نَیرنگ کا
چھا گیا موسم سیاسی ہُو تُتُو ہُڑ دنگ کا
کھوٹے سِکّے دھرم مذہب کے چلائے جائیں گے
جو بھی ہیں ناراض اور رُوٹھے منائے جائیں گے
اپنے اپنے ڈھنگ سے چکّر چلائے جائیں گے
سبز باغ اندھوں کو بھی اب تو دِکھائے جائیں گے
دیدنی اب ہوگا منظر جوش اور اُمنگ کا
چھا گیا موسم سیاسی ہُو تُتُو ہُڑ دنگ کا
خیریت اپنے پرائے سب کی پوچھی جائے گی
جو ہے بُنیادی ضرورت پُوری وہ کی جائے گی
جال سڑکوں کا بِچھے گا بِجلی بھی دی جائے گی
روٹی کپڑا اور مکاں کی بات بھی کی جائے گی
سر پہ چڑھ کر بولے گا نشّہ سیاسی بھنگ کا
چھا گیا موسم سیاسی ہُو تُتُو ہُڑ دنگ کا
پھِر ہَوا میں جلتے بُجھتے تیر چھوڑے جائیں گے
بھولے بھالے ووٹر اپنی اور موڑے جائیں گے
اِنکے اُنکے سر پہ اپنے ٹھِکرے پھوڑے جائیں گے
ذہن و دِل جنتا کے موڑے اور جھنجوڑے جائیں گے
شور اب گُونجے گا وعدوں کے رباب اور چنگ کا
چھا گیا موسم سیاسی ہُو تُتُو ہُڑ دنگ کا
٭٭٭]
نیاز ؔ جیراجپوری
۶۷؍ جالندھری ، اعظم گڑھ ۔ ۲۷۶۰۰۱ (یُو۔پی۔) اِنڈِیا موبائل:
+91 9935751213 / 9616747576