سرینگر//ناظم اطلاعات منیر الاسلام نے کہا ہے کہ ریاست میں صحافت ابھی بھی پھل پھول رہی ہے اور نیو میڈیا کا چلن کافی بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بدلتے میڈیا مزاج کے ساتھ کام کاج کو مزید بہتر کررہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اسلامک یونیورسٹی کشمیر کے شعبۂ صحافت کے طُلباء کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا جو محکمہ کے کام کاج کا مشاہدہ کرنے کے لئے میڈیا کمپلیکس آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے کام کاج کو پیشہ وارانہ بنانے کے ایک قدم کے طور پر ماس کمیونکیشن پاس کر چکے تقریباً35 افراد کو کام پر لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آن لائین اور سوشل میڈیا پر اپنی پہچان بنانے کے لئے اقدامات کررہا ہے اورایک اہم کڑی کے طور پر محکمہ نے ایک مخصوص نیوز اور اشتہاری پورٹل شروع کیا ہے۔ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ محکمہ اطلاعات ریاست میں خبروں اور اشتہارات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور صحافیوں کی بہبود کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں صحافی بہبود سکیم اور میڈیا ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل بھی شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ ماس کام تعلیم یافتہ افراد کے لئے سرکاری اور نجی شعبوں میں روز گار کے وسیع مواقعے دستیاب ہورہے ہیں اور محکمہ اطلاعات میں بھی انفارمیشن افسروں، اسسٹنٹ انفارمیشن افسروں اور انفارمیشن اسسٹنٹوں کی کافی اسامیاں خالی ہیں جہاں پیشہ ور افراد کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔اس موقعہ پر ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر شیخ ظہور نے بھی محکمہ کے روز مرہ کے کام کاج کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے بنیادی مقصد پرنٹ ، الیکٹرانک اور نیو میڈیا میں سرکار کے کام کاج کو تشہیر دینا ہے اورمحکمہ کو پوری طرح سے پیشہ وارانہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔اسلامک یونیورسٹی کے پبلک ریلیشن شعبہ کی کوارڈی نیٹر مونسہ قادری نے کہا کہ اس دورے کا مقصد طُلباء کو سرکاری کام کاج کی تشہیر کے بارے میں جانکاری دینا تھا تا کہ وہ پبلک ریلیشنز کا نظام سمجھ سکیں۔