محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کیں تحصیل پوگل پرستان اکڑال کی اندرونی رابطہ سڑکوں پر چلنے والی مسافر گاڑی والوں نے مبینہ طور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کر رکھا ہے اور عوامی درخواست کے باوجود موٹر وییکلز ڈیپارٹمنٹ رام بن لوٹ کھسوٹ میں ملوث مسافر گاڑی والوں کو لگام لگانے میں مکمل طور سے ناکام ہوگیا ہے۔ مقامی صحافی گجا سنگھ بالی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نرتھیال ، پھاگمولہ اور بنگارہ کے ہزاروں لوگو مسافر گاڑی والوں کی طرف سے من مانے طریقے سے اضافی کرایہ وصولنے سے پریشان ہیں اور مقامی لوگوں کی طرف سے لگاتار اٹھائی جانے والی آواز پر کاروائی کے بجائے پوری انتظامیہ چپ چاپ خاموش تماشائی کا رول ادا کر رہی ہے اور اُکڑال پوگل پرستان سے رام بن ضلع ہیڈکوارٹر تک کوئی ان کی مدد کرنے کیلئے تیار ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر رام بن سے کئی بار گزارش کی گئی تھی کہ وہ اُکڑال تحصیل میں چلنے والی مسافر گاڑیوں کیلئے کرایہ کی ریٹ لسٹ جاری کریں لیکن ابھی تک اس ضمن میں کچھ بھی نہیں کیا جا سکا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گاڑی والے من مانی کر رہے ہیں اور 7کلومیٹر کے سفر کے سفر کے عوض مسافروں سے پچاس روپئے کی رقم بطور کرایہ وصولی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے یہاں کے مجبور غریبوں ، مریضوں اور روزانہ سکول اور کالج جانے والے طالب علموں کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور بسا اوقات مجبور لوگ تحصیل ہیڈکوارٹر اُکڑال آنے سے رہ جاتے ہیں ۔